مصروفیت کی وجہ سے وزیراعظم نواز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے امکانات معدوم ہیں۔ترجمان دفترخارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 20 مئی 2017 15:16

مصروفیت کی وجہ سے وزیراعظم نواز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20مئی۔2017ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پہلے عرب اسلامی امریکی سربراہ اجلاس کے مصروف ایجنڈے کے باعث وزیراعظم نواز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے امکانات معدوم ہیں۔وزیراعظم نواز شریف کی سعودی عرب میں سائیڈ لائن ملاقاتوں کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سربراہ اجلاس آدھے دن کے بھاری بھرکم ایجنڈے پر مشتمل ہے، جس میں 35 اسلامی ممالک کے سربراہان، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، عرب لیگ اور خلیج تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل شرکت کررہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مصروف ایجنڈے کے باعث وزیراعظم نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سائیڈ لائن ملاقات کے امکانات معدوم ہیں۔دفتر خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب کل اتوار کے روز سے شروع ہونے والی اس کانفرنس میں 54 سربراہان مملکت شریک ہوں گے، جن میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس کے موقع پر شیڈول کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم نواز شریف کی دوطرفہ ملاقات کا موقع ملنا ممکن نہیں لگتا تاہم واشنگٹن میں موجود پاکستانی صحافیوں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب وزیراعظم نوازشریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کی حمایت کررہا ہے۔واشنگٹن کے سفارتی ذرائع خیال ظاہر کرتے ہیں کہ متعدد سربراہان مملکت کی موجودگی میں ٹرمپ کی کسی سے علیحدہ ملاقات ممکن نہیں تاہم امریکا اس کوشش میں ہے کہ نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مختصر ملاقات ہوسکے ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودیہ عرب کے حوالے سے تشکیل دی گئی سعودی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر اجلاس کے اغراض و مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسلامی ممالک کے سربراہان اپنی ملاقات میں دنیا بھر میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خدشات پر قابو پانے اور بہتر سیکیورٹی تعلقات کے قیام کو یقینی بنانے کے طریقوں پر غور کریں گے ۔