امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا عرب اسلامی کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 20 مئی 2017 15:08

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا عرب اسلامی کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی ..
ریاض(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20مئی۔2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا عرب اسلامی کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔دورے میں امریکی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ میلانیا، بیٹی ایوانکا اور داماد جیرڈ کشز بھی موجود ہیں۔ اس موقع پر سعودی فرمانروا شاہ فہد بن سلمان امریکی صدر کا خیرمقدم کرنے کیلئے موجود تھے۔

دورہ سعودی عرب کے موقع پر امریکی صدر کی جانب سے ایک کھرب ڈالر کے دفاعی معاہدوں کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دورہ میں امریکی صدر سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کے اعلان پر کوئی بات نہیں کریں گے۔صدر ٹرمپ کو حال ہی میں چھ مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کے امریکہ آنے پر سفری پابندیاں لگانے کی کوششوں کی وجہ سے اسلام مخالف کہا جا رہا تھا، وہ اپنا اولین دورہ کسی مسلم ملک کا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سوڈان کے صدر عمر البشیر نے اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ سعودی عرب نے سوڈان کے صدر کو اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا تھا جس پر امریکہ نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ واضح رہے کہ صدر عمر البشیرکا نام انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کو جنگی جرائم کے الزام میں مطلوب قراردے رکھا ہے۔