Live Updates

عوام کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی حکومت سے ریلیف کی قطعاً کوئی امید نہیں ‘جمشید چیمہ

حکومت معیشت کے پھلنے پھولنے کے دعوے ،اعدادوشمار مرتب کرنیوالے ادارے نفی کر رہے ہیں‘مرکزی رہنما پی ٹی آئی

ہفتہ 20 مئی 2017 12:56

عوام کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی حکومت سے ریلیف کی قطعاً کوئی امید ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عوام کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھی حکومت سے ریلیف کی قطعاً کوئی امید نہیں،2113ارب کے مجوزہ ترقیاتی بجٹ کے اعلان سے پہلے اس مد میں رواں مالی سال کیلئے مختص کئے جانے والے بجٹ کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا جائے ،آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ حکمرانوں کی پالیسیاں ملک او رمعیشت کو مضبوط کرنے کی بجائے اس کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کا باعث بنی ہیں۔

گزشتہ روز اپنے دفتر میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکومت معیشت کے پھلنے پھولنے کے دعوے کر رہی ہے جبکہ اسٹیٹ بینک سمیت اعدادوشمار مرتب کرنے والے دیگر ادارے اس کی نفی کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت کے دور میں بیروزگاری اور مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ کرپشن اور مختلف پیچیدگیوں کے باعث لوگوں کیلئے کاروبار کرنامشکل بنا دیا گیا ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ حکومت کی گڈ گورننس اور ترقی کی ساری رودداد بیان کر رہا ہے ۔ زراعت کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے اور حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث دیہی آبادی شہروں کا رخ کر رہی ہے جس سے نہ صرف آنے والے سالوں میں ہماری خوراک کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو جائے گا بلکہ اس سے صنعت مزید تنزلی کا شکار ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق ماہرین زراعت ، صنعت کی ترقی سمیت عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنی جامع سفارشات مرتب کر رہے ہیں اور انشا اللہ اقتدارمیں آکر ان پر بلا تاخیر عملدرآمدکا آغاز کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :