کلبھوشن یادیو کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں ، وہ غیر ملکی ایجنٹ اور جاسوس ہے ، جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان میں بہت سی دہشتگرد کارروائیوں کا مرتکب ہے ،بر وقت نہ پکڑ ے جانے کی صورت میں مزید تباہی کا مرتکب ہوتا ، پاکستان نے اپنے قانون کے مطابق سارے معاملے کو ہینڈل کیا ہے

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ایف سی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کے بعد وارسک میں صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 20 مئی 2017 12:56

کلبھوشن یادیو کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں ، وہ غیر ملکی ایجنٹ ..
وارسک ۔ 20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جہاں اختلاف ، کمزوری اور ابہام موجود نہ ہو تو اسے ڈھونڈنا نہیں چاہئے۔ ہفتہ کو وارسک میں ایف سی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں اور وہ غیر ملکی ایجنٹ اور جاسوس ہے جو پاکستان میں بہت سی دہشتگرد کارروائیوں کا مرتکب ہے اور اگر وقت پر نہ پکڑا جاتا تو مزید تباہی کا مرتکب ہوتا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے قانون کے مطابق سارے معاملے کو ہینڈل کیا ہے اور اس میں کوئی شک اور اختلاف نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کیلئے پاکستان کے عوام کی قربانیوں کی لمبی تاریخ موجود ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے دل اکٹھے دھڑکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

افغان حکومت کی پالیسی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں اس پر اظہار خیال نہیں کرنا چاہتا مگر پاکستان کی پالیسی بڑی متفقہ اور واضح ہے کہ پاکستان کسی بھی ایسی پالیسی کا ساتھ دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا جو افغانستان کی آزادی ، خود مختاری اور امن میں خلل ڈالے ، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان میں امن کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت تنقید کرنے کی بجائے اپنی کمزوزیوں کو دور کرنے پر توجہ دے اور دشمن کی زبان میں بات نہ کرے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جب افغانستان ہمسائے کے طور پر بات کرے گا تو اس کی بات توجہ دینگے لیکن بھارت کی زبان میں کی گئی باتیں قبول نہیں ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران دوست اور برادر ممالک ہیں جن کا باہمی اتفاق ہے کہ ملکر مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے خلاف کسی کی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے ۔چوہدری نثار علی خان نے کہا وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر رمضان کے بعد ایران کا دورہ کرونگا اور ہم ایران سے ملکر مسائل کا خاتمہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں ۔ کلبھوشن یادیو کے بارے میں ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہاکہ جہاں خامی اور تقسیم موجود نہ ہو تو اس کو تلاش نہ کیا جائے اور اور افواہوں پر نہیں جانا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک جاسوس ہے جو ہمارے ملک میں گرفتار ہوا ہے جس کے ملک کے خلاف عزائم شدید ترین تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جاسوس کو پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت سزا دی گئی ہے ۔ عالمی عدالت انصاف میں یہ کیس بھارت لیکر گیا جہاں پر بھی پاکستان نے یہی موقف اپنایا ہے ۔