ہماری سیکیورٹی فورسز کے نوجوانوں کا قابل رشک کردار پوری قوم کے سامنے ہے

فرنٹیئر کور کے جوانوں کوزندگی کے ہر امتحان ، آزمائش اور مشکل میں ایک دوسرے سے بڑھ کر کامیابی حاصل کر نا اور قومی خدمت کا ایک اعلیٰ معیار قائم کرنا ہو گا چوہدری نثار علی خان وزیر داخلہ کا سیکورٹی فٖورسز اور ایف سی کے شہداء کی قربانی کو خراج عقیدت وزیر داخلہ کا وارسک میں فرنٹئیر کور کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب

ہفتہ 20 مئی 2017 12:26

ہماری سیکیورٹی فورسز کے نوجوانوں کا قابل رشک کردار پوری قوم کے سامنے ..
وارسک ۔ 20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز کے نوجوانوں کا قابل رشک کردار پوری قوم کے سامنے ہے وارسک میں فرنٹئیر کور (ایف سی) کے 1256ویں کورس کی تکمیل پر ہفتہ کو پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز کے نوجوانوں کا قابل رشک کردار پوری قوم کے سامنے ہے ۔

پاسنگ آئوٹ پریڈ میں اپنی تربیت مکمل کرنے والے ایف سی کے آٹھ سو ریکروٹس نے شرکت کی ۔ اس موقع پر وزیرداخلہ نے پاس آئوٹ ہونے والے ریکروٹس ، انکے والدین اور اساتذہ کو کامیابی سے تربیت مکمل کرنے پر مبارک باد دی ۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ کے پیشہ وارانہ زندگی کی ابتدا ہے لیکن زندگی اور پیشے کے بہت سے امتحان آپکے سامنے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے فورس کے جوانوں پر زور دیا کہ آپ نے زندگی کے ہر امتحان ، آزمائش اور مشکل میں ایک دوسرے سے بڑھ کر کامیابی حاصل کرنی ہے اور قومی خدمت کا ایک اعلیٰ معیار قائم کرنا ہے ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آج کے روز آپ سب اپنی زندگی میں پہلا قدم اٹھانے لگے ہیں اور آپ جس فورس کا باقاعدہ حصہ بن رہے ہیں اورجو وردی زیب تن کر رہے ہیں اس حوالے سے آپکی ذمہ داری ہے کہ اس وردی اور فورس کا مان رکھیں ، اس کی عزت اور وقار میں اضافہ کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف سی کی تاریخ سو سال سے بھی پرانی ہے اور یہ کوئی عام سیکیورٹی فورس نہیں ہے بلکہ اس کی لمبی تاریخ میں سینکڑوں اور ہزاروں نوجوانوں کا خون شامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے اعلیٰ معیار کو قائم رکھتے ہوئے غازیوں اور شہیدوں کی روایات کو بر قرار رکھ کر مزید اعلیٰ معیارات قائم کرنے ہونگے جس پر ہم سب فخر کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ صرف ایف سی کے سپاہی ہی نہیں ہیں بلکہ اسلام اور پاکستان کے محافظ بھی ہیں اور آپ نے ملک سے شر اور فساد کو ختم کرنا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ آپ اُس ملک کے محافظ ہو جو اللہ اور اس کے رسولؐ کے نام پر حاصل کیا گیا ہے اور یہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر معرض وجودمیں آیا ہے ۔

اس کا دفاع ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں کے دوران مٹھی بھر لوگوں نے ملک میں فساد اور شر برپا کر رکھا ہے اور آپ نے اپنے زور بازو سے اس کا مکمل قلع قمع کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر سپاہی اسلام کا سپاہی ہے اور یہ بات ہر وقت آپ کے ذہن میں موجود رہنی چاہئے کہ فساد اللہ تعالیٰ کو سخت ناپسند ہے اور جو لوگ اللہ کی دھرتی پر فساد پھیلاتے ہیں اللہ انہیں سخت نا پسند کرتا ہے ۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا اللہ تعالیٰ نے ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا ہے اورشر پسند اسلام کے نام پر معصوم بچوں ، خواتین اور بے گناہ شہریوں کو شہید کرتے ہیں اور کفار سے پیسے لیکر ملک میں فساد کر رہے ہیں جبکہ آپ نے اپنی مادرِ وطن میں امن قائم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10، 12سالوں کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری سول آرمڈ فورسز ، پولیس ، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور افسروں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے شہداء کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہیدوں اور غازیوں کے والدین ہمارے لیے مشل راہ ہیں جن کی اولاد نے پاکستان کی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا ۔ انہوں ایف سی میں شامل ہونے والے نئے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ غازیوں اور شہیدوں کے راستے پر چلتے ہوئے فسادیوں کا مقابلہ کریں جو اسلام کو بدنام کرتے ہیں اور ہمارے دشمنوں سے پیسے لیکر اسلام کے نام پر فساد پھیلاتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہماری فورسز کی قربانیوں کے نتیجہ میں عوام سوکھ کی زندگی بسر کر رہے ہیں ، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ملک سے دہشتگردی کو مکمل طور پر ختم کرنا آپکی ذمہ داری ہے اور شہداء اور غازیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یہ فریضہ سرانجام دینا ہے ، یہ عزت اور وقار کا کام ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں بطور وزیر اور حکومت کے نمائندے کے طور پر یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود مستقل کی پیش بندی کیلئے ہر قدم اٹھا رہی ہے جو ہماری سیکیورٹی فورسز کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا گذشتہ ساڑھے تین سال میں وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سول آرمڈ فورسز کے بجٹ میں 80ارب روپے کا اضافہ کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ گذشتہ چھ ماہ کے دوران 14ہزار نوجوانوں کی تربیت مکمل ہوئی ہے جبکہ آئندہ دو تین ماہ کے دوران ایف سی کے 29ونگز مکمل کرلئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے ۔ آپ نے ایک طرف دہشتگردی کی جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے اس کے علاوہ اپنے ملک اور اس کی سرحد کی حفاظت بھی کرنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں دہشتگردوں کے داخلہ کو روکنے کیلئے سرحد پر باڑ لگائی جائیگی اور ہم سب ملکر ملک کو دہشتگردی سے پاک کریں گے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا اتحاد اور اتفاق اسی طرح جاری رہا تو ہم اپنی منزل تک کامیابی سے پہنچیں گے ۔ اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے ایف سی میں شامل ہونے والے اہلکاروں کی مستقبل میں کامیابیوں کیلئے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ آپکو نیک مقصد میں مزید کامیابیاں دے۔