کام نہ ہونے کی وجہ سے ٹی وی اداکار شاہد نصیب مزدوری کرنے پر مجبور

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 مئی 2017 11:47

کام نہ ہونے کی وجہ سے ٹی وی اداکار شاہد نصیب مزدوری کرنے پر مجبور
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 مئی 2017ء): ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے اداکاروں اور اداکاراؤں کو دیکھ کر اکثر لوگ یہ خواہش کرتے ہیں کہ وہ بھی انہی کی طرح خوبصورت اور امیر ہو جائیں۔ پردے کے پیچھے ان لوگوں کے ساتھ کیا ہوتا ہے وہ کسی کو نہیں معلوم۔ پاکستان کے ڈرامہ اور فلم انڈسٹری میں ایسے کئی نام موجود ہیں جو اس انڈسٹری میں اپنا نام بنانے آئے ، کچھ پیسے کمائے اور پھر پہلے سے بھی زیادہ غریب ہو گئے۔

ایسا ہی ایک نام ڈرامہ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار شاہد نصیب کا بھی ہے۔ اداکار شاہد نصیب نے ''دُلاری''، ''التجا'' اور ''جب اس سے مجھے محبت ہوئی'' میں مرکزی کردار کے طور پر اداکاری کی۔ لیکن آج شاہد نصیب کام نہ ہونے پر مزدوری کرنے پر مجبور ہے۔

(جاری ہے)

شاہد نصیب کو گھروں میں پینٹ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے اور ان کی یہ حالت پاکستان کی انڈسٹری کے منہ پر ایک زور دار طمانچہ ہے۔

شاہد نصیب نے کہا کہ میں نے ایک عرصہ تک ڈرامہ انڈسٹری میں کام کیا لیکن اب دس سال گزر کی ان تھک محنت کے باوجود کام نہ ہونے پر میں گھروں میں پینٹ کرنے پر مجبور ہو گیا ہوں۔ شاہد نصیب نے بتایا کہ میرا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے۔ میں نے دس سال قبل اپنا گاؤں چھوڑا ، جس کے بعد میں نے کراچی ، پشاور، اسلام آباد اور لاہور میں کام کی تلاش کی۔ مجھے بہت بُرا محسوس ہوتا ہے ۔

میں اپنے گاؤں سے کچھ بننے کے لیے نکلا تھا اور اب میں واپس بھی نہیں جا سکتا کیونکہ ہر کوئی مجھ پر ہنسے گا اور میرا مذاق اُڑائے گا۔ شاہد نے انکشاف کیا کہ کافی پروڈیوسرز نے مجھے کام کی آفر تو کی لیکن بدلے میں ان کے گھر پینٹ کرنے کا مطالبہ کیا جس پر مجھے احساس ہوا کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کسی کے ساتھ اچھے اور اصلی تعلقات بنان بہت مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے Whistle کا پورا اسکرپٹ لکھا اور اس میں اداکاری بھی کی لیکن چونکہ میں ایک غریب اداکار ہوں اسی لیے پروڈیوسرز نے میرا نام اس پراجیکٹ کے کریڈٹس میں شامل نہیں کیا۔ آج کل میری آمدن 20 ہزار روپے ماہانہ ہے اور میں کچھ پیسے بچانے کی بھی کوشش کر رہا ہوں تاکہ اپنا گانا ریلیز کر سکوں۔ میں نے اس سلسلے میں لاہور میں کچھ میوزیشنز سے بات کی ہے جنہوں نے میری مدد کے لیے مجھ سے ایک لاکھ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہد نے مزید بتایا کہ میرا لاہور میں کوئی گھر نہیں ہے ۔ میں سڑکوں پر سوتا ہوں اور ایک وقت کا کھانا کھاتا ہوں، میرے حالات مشکل ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ لالی وڈ اور بالی وڈ میں بھی ایسے بہت سے نام ہوں گے جو بڑا بننے سے پہلے ایسی ہی مشکلات سے گزرے ہوں گے۔
کام نہ ہونے کی وجہ سے ٹی وی اداکار شاہد نصیب مزدوری کرنے پر مجبور