وزیراعظم نوازشریف عرب اسلامی امریکی کانفرنس میں شرکت کے لیے اتوار کو سعودی عرب روانہ ہونگے-پاکستان سمیت54ممالک کے سربراہان کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں-وزیراعظم پاکستان کی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے-عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ پہلا غیرملکی دورہ کررہے ہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 20 مئی 2017 09:24

وزیراعظم نوازشریف عرب اسلامی امریکی کانفرنس میں شرکت کے لیے اتوار ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20مئی۔2017ء) وزیراعظم نوازشریف کل انتہاپسندی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر سیکورٹی پارٹنرشپ تشکیل دینے کے لیے منعقد ہونے والی پہلی دوروزہ عرب اسلامی امریکی کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہونگے-اتوار کو ہونے والی اس کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے علاوہ 54 سربراہان سمیت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شرکت کر رہے ہیں‘عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد ٹرمپ کا یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے۔

کانفرنس میں شرکت کے لیے صدر ٹرمپ 19 مئی کو واشنگٹن سے ریاض کے لیے روانہ ہوئے تھے۔توقع کی جارہی ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف اور صدر ٹرمپ کے درمیان ایک خصوصی ملاقات متوقع ہے‘جس کی تصدیق گزشتہ ہفتے دفتر خارجہ نے بھی تھی-واضح رہے کہ امریکی صدر اور ان کے اتحادی امید کرتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو کم کرنے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے یہ اجلاس ”عرب نیٹو فورس“کی بنیاد رکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

امریکی صدر کے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے مسلمانوں کی مقدس سرزمین کے انتخاب کے فیصلے کو واشنگٹن میں دلچسپی سے دیکھا جارہا ہے تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب اسلام کے بارے میں خطاب دینے کا اعلان مزید تجسس اور کچھ حد تک ان کی تضحیک کا سبب ثابت ہوا ہے۔ خیال رہے کہ 21اور22مئی کو ہونے والی اس دوروزہ کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے نواز شریف کو شرکت کی دعوت دی تھی، جس کا دعوت نامہ سعودی وزیر اطلاعات عواد بن صالح العواد نے گذشتہ ہفتے اپنے اسلام آباد کے دورے میں پہنچایا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی کے حوالے سے تشکیل دی گئی سعودی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر اجلاس کے اغراض و مقاصد کو بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسلامی ممالک کے سربراہان اپنی ملاقات میں دنیا بھر میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خدشات پر قابو پانے اور بہتر سیکیورٹی تعلقات کے قیام کو یقینی بنانے کے طریقوں پر غور کریں گے۔

واضح رہے کہ عرب اسلامی امریکی اجلاس ان تین اجلاسوں میں سے ایک ہے جن کی تیاری ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد کے موقع پر کی گئی ہے۔اس موقع پر ہونے والے دیگر دو اجلاسوں میں سعودی امریکی سمٹ اور گلف کوآپریشن کونسل امریکا سمٹ شامل ہے، ان تمام کانفرنسز کے انعقاد کا مقصد خطے میں سعودی عرب کی اہم سیاسی اور سیکیورٹی فورس کی حیثیت کو بحال کرنا ہے۔