چیف کمشنر مردم وخانہ شماری پنجاب کا ضلع میں جاری مہم کا جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 19 مئی 2017 23:29

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) چیف کمشنر مردم و خانہ شماری پنجاب عارف انور بلوچ نیرحیم یار خان میں ضلع میں جاری مردم و خانہ شماری مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 19سال بعد مردم و خانہ شماری ہو رہی ہے اس قومی مہم کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے موثر پیش رفت کی جائے اور تمام امور کی کڑی نگرانی کی جائے کیونکہ اس مردم و خانہ شماری کے نتائج نہایت اہمیت کے حامل ہیں اس کی شفاف اور سو فیصد حقائق پر مشتمل تکمیل سے عوام کا معیار زندگی سامنے آئے گاجس کی مدد سے حکومت کو مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے میں آسانی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اس مردم و خانہ شماری سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر میں اس قومی مہم کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور ویجی لنس ٹیموں کے دوروں کی رپوٹیں بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مردم و خانہ شماری کے دوران یتیم خانوں،جیلوں، ہوسٹلز اورطلباء وطالبات کے بورڈنگ سکولز و مدارس میں موجود افراد کے کوائف بھی صیح انداز سے اکھٹے کئے جائیں اور خاص طور پر مردم و خانہ شماری کے دوران مادری زبان والے خانہ میں کوائف درج کرانے والے گھرانے کی حقیقی مادری زبان درج کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا کہ ضلع میں مردم و خانہ شماری کی مہم کامیابی سے جاری ہے اور نگران ٹیموں کو خصوصی ٹاسک سونپ کر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ حاصل کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک تار یخی نوعیت کی قومی مہم ہے اور مجھ سمیت اس مہم سے منسلک ہر فرد کے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے تعین میں ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مردم و خانہ شماری کے آغاز سے قبل مائیکرو سطح پر پلان تشکیل دیا گیا جس میں پاک فوج ، پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اس مہم سے منسلک ہر فرد کا مکمل ریکارڈ اکھٹا کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اس قومی مہم کی کامیابی سے انجام دہی کے لئے ایک ٹیم بن کر کام کر رہے ہیں جبکہ عوامی نمائندگان سمیت میڈیا بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :