شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں جاری تین روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی

جمعہ 19 مئی 2017 22:58

سکھر۔ 19مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کے زیرِ اہتمام ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے اشتراک سے اور کیمیکل سوسائٹی آف پاکستان کی سرپرستی میں بائیولوجیکل اور کیمیکل سائنسز میں اتصالی تیکنیکوں کے موجودہ رجحانات کے عنوان پر تین روزہ ورکشاپ اپنے اختتام کو پہنچی۔

اختتامی سیشن کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز نے کی جبکہ پروفیسرڈاکٹر میر منصف علی ٹالپر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر بدرالدین میمن نے کہا کہ اس ورکشاپ کا انعقاد ایک خواب تھا جو آج پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ میں پاکستان کے نامور سائنسدانوں اور ملک کی مختلف جامعات کے مشہور پروفیسرز نے تیکنیکی سیشن میں ریسورس پرسن کے طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر بدر نے کہا کہ اس ورکشاپ نے محققین کیلئے تحقیق کی نئی جہتیں متعین کی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کا شکار جلد ہی دنیا کی بہترین جامعات میں ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر تجنیس پیرزادہ نے تمام مہمانوں ، شرکاء اور تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کے فیکلٹی ممبر پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جکھرانی اور انسٹیٹیوٹ کے محققین ثاقب قریشی، عبدالغفار سولنگی اور سیما کنول نے بھی خطاب کرتے ہوئے ورکشاپ کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ آخرمیں مہمانوں اور شرکاء میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔