اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے گرد گھیرا تنگ کرکے امہ کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہیں، ڈاکٹر احمد یوسف احمد الدرویش

جمعہ 19 مئی 2017 22:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف احمد الدرویش نے کہا ہے کہ اسلام دہشت گردی کی تمام صورتوں کو رد کرتا ہے، اسلام کو دہشت گردی اور وحشت کا مماثل ثابت کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے گرد گھیرا تنگ کرکے امہ کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہیں، اس تناظر میں میڈیا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کا صحیح تشخص پیش کرے اور عالمی سطح پر اسلام کے خلاف پروپیگنڈا کو ختم کرنے میں کردار ادا کرے۔

جمعہ کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش نے کہا کہ انتہاء پسندی کسی بھی معاشرے کیلئے زہر قاتل ہے، انتہاء پسندی نے عالم عرب اور عالم اسلام پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں، بدقسمتی سے عالم اسلام آج جل رہا ہے، جگہ جگہ مسلمانوں میں فتنے سر اٹھا رہے ہیں، سب سے بڑھ کر یہ کہ قتل و غارت اور خونریزی کو اسلام کے مقدس نام سے جوڑا جا رہا ہے، یہ صورتحال نہ صرف پاکستان، سعودی عرب بلکہ امہ، عالم دین، اسلامی مفکرین کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے، ہمیں آگے بڑھ کر بیرونی دنیا کی اس غلط فہمی کو دور کرنا ہو گا اور مسلم معاشرہ سے دہشت گردی کو نکال کر اسلام کی اصل شکل کو اجاگر کرنے میں ہم سب کو ہر سطح پر کردار ادا کرنا چاہئے، امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کیلئے منصوبہ بندی کے تحت کام کرنا ہو گا، دہشت گردوں کا راستہ روکیں جنہوں نے اسلام کی روح کو مجروح کیا ہے بلکہ میں یہ کہوں گا کہ دہشت گردوں نے اپنے مذموم مقاصد کیلئے اسلام کو اغواء کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بارے میں اسلام کا نکتہ نظر بیان کرنے میں ہمیں عار محسوس نہیں کرنا چاہئے اور نہ ہی قرآن و سنت سے اس کا علاج کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے فکری و علمی کردار ادا کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمہ میں میڈیا کے کردار پر اسلامی یونیورسٹی کے زیراہتمام کانفرنس میں دیگر ممالک کے وزراء اور مندوبین نے شرکت کی، یہ بہت بڑی کامیابی ہے جس پر انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔

متعلقہ عنوان :