تحریک انصاف کی جنگ ایک کرپٹ اور مفلوج نظام کے خلاف ہے ،شاہ فرمان

جمعہ 19 مئی 2017 22:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جنگ ایک کرپٹ اور مفلوج نظام کے خلاف ہے کیونکہ ملک بھر میں ایک شفاف اور بد عنوانی سے پاک نظام کی تشکیل کے بغیر ترقی و خوشحالی کا راستہ طے نہیں ہو سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز بڈھ بیر کے علاقہ ماشو گگٹھر میں ایک بڑے عومی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی محمد اشتیاق ارمڑ بھی موجود تھے ۔جلسہ سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ خود کو عوام کا لیڈر کہنے والے اور خیبر پختونخوا کے ٹھیکیدار بننے والے مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار ولی ملک کے سب سے بڑے کرپشن سکینڈل پانامہ لیکس پر خاموش کیوں ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف اس وقت ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے بد عنوانی کے خاتمے کیلئے عوام میں شعور اجاگر کیا اور ایک کرپٹ نظام کے خلاف صف آرا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں عمران خان عوام کی واحد اور آخری امید ہیں جو ان کے حق کیلئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر چوروں اور لٹیروں کے ساتھ جنگ لڑ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے صوبہ میں ایک ایسی طرز حکمرانی قائم کی ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی،پانچ پانچ سال تک اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے اس صوبے کو تباہی کی طرف دھکیل دیا تھا لیکن تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت نے برسراقتدار آتے ہی ایسے قابل قدر اقدامات اٹھائے ہیں کہ جن کی بدولت صوبے میں امن کی بحالی اور ترقی کا سفر شروع ہوا ہے،موجودہ صوبائی حکومت نے پارٹی کارکنوں اور سیاسی مفادات کو ایک طرف رکھ کر میرٹ اور انصاف پر عوام کو ملازمتیں فراہم کی ہیں اور صوبہ میں بلا امتیاز ترقیاتی اقدامات شروع کئے ہیں ۔

اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اشتیاق ارمڑ کا کہنا تھا کہ عوام کا خون چوسنے والے لٹیروں کے حساب کا وقت آ گیا ہے، اب کوئی بھی عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتا کیونکہ تحریک انصاف کی قیادت نے عوام میں اپنا حق مانگنے کا شعور پیدا کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :