بھارت اپنے کرائے کے قاتلوں کے ذریعے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لئے معصوم لوگوں کو قتل کروا رہا ہے، ایاز لطیف پلیجو

گوادر کے بعد تربت میں مزدوروں کو قتل کرنے والے دہشت گرد بلوچستان کے دوست نہیں

جمعہ 19 مئی 2017 22:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے بلوچستان تربت میں 3 مزدوروں نادر علی بھٹو، طاہر اور غلام عباس کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کے بھارت اپنے کرائے کے قاتلوں کے ذریعے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لئے معصوم لوگوں کو قتل کروا رہا ہے، گوادر کے بعد تربت میں مزدوروں کو قتل کرنے والے دہشت گرد بلوچستان کے دوست نہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ اگر سانحہ گوادر میں ملوث دہشت گرد گرفتار کر لئے جاتے تو تربت کا واقعہ پیش نہ آتا، بلوچستان کے صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی پولیس اور صوبائی سیکریٹری کو مسلسل ناکامی پر برطرف کیا جائے، انہوں نے کہا کہ سندھی بلوچوں کے درد اور تکلیف کو اپنا در سمجھتے ہیں اور ان کے لئے آنسو بہاتے اور احتجاج کرتے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ باہر ممالک بیٹھے بلوچ لیڈر، سردار، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ، وزیر اور سینیٹرز سانحہ گوادر سے لے کر تربت میں بیگناہ مزدوروں کے قتل پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت عالمی طاقتیں سی پیک کو ناکام بناناچاہتے ہیں اس لئے انتہاپسندی اور دہشت گردی پھیلائی جا رہی ہے اور بلوچستان میں "را" معصوم لوگوں کو مار رہی ہے۔