حیدرآباد پولیس نے مبینہ مقابلے میں ڈاکو قربان گاہو کو ہلاک کر دیا

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی اور وہ سنگین نوعیت کے 35 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا

جمعہ 19 مئی 2017 22:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) حیدرآباد پولیس نے مبینہ مقابلے میں ڈاکو قربان گاہو کو ہلاک کر دیا، پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی اور وہ سنگین نوعیت کے 35 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔پولیس ترجمان کے مطابق ٹنڈوجام تھانہ کی حدود میں شفیع باؤنڈری کے قریب متعلقہ پولیس کا آپریشن جاری تھا کہ اچانک ملزمان نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا جس پر پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی اور سی آئی اے پولیس کے ڈی ایس پی اسلم لانگاہ اور ٹنڈوجام اور مارکیٹ پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ڈاکو قربان گاہو کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کے قبضے سے ایک پستول اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے، سندھ حکومت نے ہلاک ڈاکو قربان گاہو کی زندہ یا مردی گرفتاری پر پانچ لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا اس کے خلاف سندھ کے مختلف اضلاع کے تھانوں پر 35 سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات جن میں قتل، اغواء برائے تاوان، پولیس پر حملوں درج ہیں، ہلاک ڈاکو کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال منتقل کی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ڈاکو قربان گاہو کو پولیس نے زندہ پکڑنے کے بعد جعلی مقابلے میں ہلاک کیا، ڈاکو قربان گاہو اپنے ساتھیوں کے ساتھ گذشتہ رات ضلع مٹیاری کے شاہ پور درپور تھانہ کی حدودسے موٹرسائیکل چھیننے کے بعد فرار ہوا تھا اور پولیس نے چیکنگ کے دوران اسے ٹنڈوجام تھانہ کی حدود میں زندہ گرفتار کر لیا تھا جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے، ذرائع کے مطابق ڈاکو قربان گاہو کو گرفتار کرنے بعد سی آئی اے حیدرآباد کے حوالے کر دیا گیا تھا جس کے بعد اسے جعلی مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :