ضلع خانیوال میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات بروقت مکمل کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر

جمعہ 19 مئی 2017 22:08

خانیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء)ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ ضلع خانیوال میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات بروقت مکمل کئے جائیں اور رواں مالی سال کے لیے دستیاب فنڈز کو 15 جون تک ہر صورت خرچ کیا جائے ۔ اس سلسلہ میں کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ یہ بات اُنہوں نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی جو اُن کی صدارت میں ہوا۔

جس میں اے ڈی سی آر منظور خان چانڈیہ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افتخار علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ فیصل شہزاد ، سی ای او ہیلتھ اینڈ تعلیم ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز سمیت محکمہ بلڈنگز ، روڈز و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کے کام کی رفتار کو تیز تر کیا جائے تاکہ اُن کی تکمیل کے بعد اُنہیں متعلقہ محکموں کے حوالے کیا جاسکے اور لوگ اس سے استفادہ کرسکیں ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ تعمیر و مرمت کے ترقیاتی منصوبہ جات کے کاموں کی تعمیر کے دوران باہمی روابط کو مضبوط تر رکھیں تاکہ ترقیاتی منصوبہ جات کی تعمیر میں پیدا ہونے والے نقائص اور تاخیر کو بروقت دور کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے معیار کو برقرار رکھا جاسکے۔ اُنہوں نے تعمیراتی محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی سکیموں میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار کا خاص خیال رکھیں۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔