بے گناہ محنت کشوں کو شہید کرنا انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے ، نواب ثناء اللہ زہری

جمعہ 19 مئی 2017 22:05

بے گناہ محنت کشوں کو شہید کرنا انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے ، نواب ثناء ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کیچ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے غریب اور بے گناہ محنت کشوں کو شہید کئے جانے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی بزدلانہ کاروائی اور مکروہ فعل قراردیاہے۔ وزیراعلیٰ نے دہشتگردی کے واقعہ میں ہونے والی شہادتوں پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے لوگوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کی دنیا کا کوئی مذہب اور معاشرہ اجازت نہیں دیتا واقعہ میں ملوث عناصر کا کوئی دین مذہب اور قوم قبیلہ نہیں ہے صرف اور صرف چند ٹکوں کیلئے اپنے آقاؤں کے اشارے پر قتل و غارت گری کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نہ تو ان عناصر اور نہ ہی ان کے سرپرستوں کو معاف کیا جائے گا ان کا عبرناک انجام اب بہت دور نہیں ہے اگر وہ اتنے ہی بہادر ہیں تو ان سے مقابلہ کریں جن کے ہاتھوں میں بندوق ہے لیکن ان میں اتنی جرات نہیں ہے کہ وہ سامنے آکر ہماری فورسز کا سامنا کرسکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں سی پیک اور صوبے میں جاری ترقیاتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازش کا حصہ ہیںکیونکہ پاکستان کے دشمن نہیں چاہتے کہ ملک اور صوبہ ترقی کرے اور یہاں کے لوگ خوشحال ہوں اور دشمنوں نے صوبے کے چند بے ضمیر لوگوں کا سوداکررکھا ہے جنہیں دہشتگردی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نہ تو عوام اور حکومت ان عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب ہونے دیں گے اور نہ ہی ان سے مرعوب ہوں گے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزدوروں کی شہادت کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :