فنکشنل لیگ فیڈریشن کی بقا ء اور استحکام کے لئے ہرممکن کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے، پیر صاحب پگارا

پاکستان اور سندھ کے مفاد ات کے تحفظ کے لئے ہم خاموش تماشائی نہیں بنے رہیں گے بلکہ ہر سطح پر کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی پیپلز پارٹی کی کرپشن اور بیڈ گورننس کے باعث سندھ اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے، ہم خیال سیاسی رہنمائوں کے مشاورتی اجلاس کے موقع پر گفتگو

جمعہ 19 مئی 2017 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر پگارا نے کہا ہے کہ فنکشنل لیگ فیڈریشن کی بقا ء اور استحکام کے لئے ہرممکن کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے، پیپلز پارٹی کی کرپشن اور بیڈ گورننس کے باعث سندھ اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے جس پر پاکستان اور سندھ کے مفاد ات کے تحفظ کے لئے ہم خاموش تماشائی نہیں بنے رہیں گے بلکہ ہر سطح پر کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو اپنی قیام گاہ راجہ ہائوس میں ہم خیال سیاسی رہنمائوں کے ایک مشاورتی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس سیاسی بیٹھک میں سندھ کے دوسابق وزرائے اعلیٰ سید غوث علی شاہ، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم،سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، ایاز لطیف پلیجو، اعجاز شیرازی،صدر الدین راشدی، پیر زادہ یاسر سائیں،شہر یار مہر اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک خصوصاً سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی امکانات کے حوالے سے صلح مشورے کئے گئے۔اجلاس میں سندھ حکومت کی بیڈ گورننس کے خلاف صوبے بھر میں عوام کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ بھی طے کیا گیا کہ سندھ حکومت کی کرپشن کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا تاکہ سندھ حکومت نے عوامی خزانہ سے جو ریکارڈ کرپشن کی ہے اسے عوام اور میڈیا کے سامنے لایا جاسکے۔

پیر پگارا نے شرکا کو یقین دلایا کہ ان کی جماعت فیڈریشن کی بقا ء اور استحکام کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور اس مقصد کے لئے جو بھی سیاسی قوت ساتھ دے گی اس کا خیرمقدم کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی ہم خیال سیاسی جماعتیں اور شخصیات سندھ کے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اپنی بھر پور کوششوں اور انتقامی کارروائیوں کے باوجود وہ سندھ سے اپوزیشن کے وجود کو مٹانے میں ناکام رہی ہے اور ہم عوام کو لٹیروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے ۔ اجلاس میں آئندہ عام انتخابات سے قبل ہم خیال سیاسی جماعتوں سے رابطے بڑھانے اور انہیں ایک سیاسی پلیٹ فارم پر متحد کرنے سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔