حیدرآباد: پی پی پی حکومت نے شہری علاقوں کو بھی دیہی علاقوں کی طرح کھنڈرات میںتبدیل کردیا ہے، راشد خلجی

ایم کیوایم تو صرف اقتدار کا حصہ رہی ہے وفاق اور صوبوں میں مکمل حکومت کرنے والوں نے سندھ کے لوگوں کو پانی تک مہیا نہیں کیا،متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے آرگنائزر کی پریس کانفرنس

جمعہ 19 مئی 2017 21:53

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2017ء) پی پی پی حکومت نے شہری علاقوں کو بھی دیہی علاقوں کی طرح کھنڈرات میںتبدیل کردیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے آرگنائزر وایم پی اے راشد خلجی نے حیدرآباد پریس کلب میں ایم کیوایم (پاکستان) حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے زیر اہتمام 21مئی2017ء کو حیدرآباد حقوق ریلی کے انعقاد کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

پریس کانفرنس میں ایم کیوایم حیدرآباد کے جوائنٹ انچارجز راشد ممتاز ،رفیق اجمیری ، حق پرست ارکان اسمبلی سید وسیم حسین ،دلاور قریشی ،صابر حسین قائم خانی اور حق پرست میئر حیدرآباد سید طیب حسین بھی موجود تھے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ایم کیوایم تو صرف اقتدار کا حصہ رہی ہے وفاق اور صوبوں میں مکمل حکومت کرنے والوں نے سندھ کے لوگوں کو پانی تک مہیا نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میئر حیدرآباد کم اختیارات میں زیادہ کام کررہے ہیں کیونکہ متحدہ قومی موومنٹ کی سیاست صرف اور صرف عوامی خدمت پرمبنی ہے اور متحدہ قومی موومنٹ نے کبھی بھی عوامی خدمت کو اقتدار سے مشروط نہیں کیا بلکہ ہر حالات میں عوامی خدمت جاری رکھی ۔ایم کیوایم کی ایسی طرز سیاست سے خائف قوتیں جو دراصل سیاست کو تجارت سمجھتے ہیں وہ ہمیشہ ایم کیوایم کے ووٹرز اور سپوٹرز کیلئے مشکلات اور پریشانیاں پیدا کرتے رہتے ہیں انہیں یہ احساس نہیں کہ اقتدار کے نشے میں وہ جس عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل رہے ہیں اگر انہوں نے اپنے صبر کادامن چھوڑ دیا تو نہ اقتدار رہے گا اور نہ ہی اقتدار کیلئے وہ خود کیونکہ جب عوامی احتساب شروع ہوتاہے تو عوامی حقوق غصب کرنے والے نشان عبرت بن جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا ملک موجودہ صورتحال میں کسی بھی محازآرائی کا متحمل نہیں ہے اسلئے محب وطن لوگ صرف پرامن احتجاج کررہے لیکن بے حس حکمران چین کی بھانسری بجارہے ہیں ۔ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی گذشتہ کئی سالوں سے ملک کے ایوانوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کرتے آرہے ہیں مگرحکمران اقتدار کے نشے میں بدمست ہیں انہیں عوامی مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔

حق پرست نمائندوں کی جانب سے باربار عوامی مسائل کی شکایات پر انہیں صرف تسلیاں ملی ہیں حیدرآباد کی عوام پانی ،بجلی ،گیس جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے نوجوان ملازمتوں کیلئے دربدر کی ٹھوکررہے کھارہے ہیں اور جو ملازمت پر ہیں انہیں تعصب پرست حکمرانوں کے کہنے پر برطرف کیا جارہا ہے جو یقینا سندھ کے شہری علاقوں سے نفرت اور تعصب کا منہ بولتا ثبوت ہے اس کے باوجود اقتدار پر قابض لوگ سب اچھاہے کی خبر یں سنا رہے ہیں مگر حقیقت میڈیا کے سامنے ہیں کہ شہری علاقوں کے ساتھ کون تعصب برتنے اور کون عوام کے دکھوں اور پریشانیوں میں انکے ساتھ کھڑا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سندھ کی شہری عوام بالخصوص حیدرآباد کے مسائل کے حل کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) حیدرآباد کی جانب سے 21مئی 2017ء بروز اتوار سہ پہر3:00بجے حیدرآباد سٹی گیٹ سے کوہ نور چوک تک ایک پرامن احتجاجی ریلی باعنوان (حقوق ریلی ) نکالی جائے گی جو ظالم ،جابر اور عوامی حقوق غصب کرنے والے حکمرانوں کو واضح پیغام ہوگا کہ اب حیدرآباد کی عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے اگر حکمرانوں نے اب بھی اپنی روش تبدیل نہیں کی تو عوام خود انکا احتساب کریں گی اور یہ عوامی احتجاجی ریلی ان افسران کیلئے بھی ایک پیغام ہے جو وزراء اور مشیروں کے ایماء پر حیدرآباد کی عوام کے مسائل با لخصوص ڈیڈیکشن بلز ،انکروچمنٹ کے نام پر لیز گھروں کو مسمار کرنا ،سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو علاج و معالج کی سہولت فراہم نہ کرنے میںاپنا کردار اداکر رہے ہیں وہ فوری طور پر اپنا قبلہ درست کرلیں ورنہ اب حیدرآباد کی عوام انہیں برداشت نہیں کریں گی ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی قیادت اب کسی بھی عوامی مسائل کے حل کیلئے ارباب اختیار کی طرف نہیں دیکھے گی بلکہ اب وہ عوامی طاقت سے ہی اپنے مسائل حل کریں گی کیونکہ ارباب اختیار حکمرانوں کے غلام بن چکے ہیں اور ستم بالائے ستم یہ ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو بھی عوامی خدمت سے دور رکھنے کیلئے انہیں بے اختیار کردیا گیا ہے اس کے باوجود ایم کیوایم کے عوامی نمائندے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے کیونکہ ایم کیوایم کی سیاست صرف اور صرف عوامی خدمت پرمبنی ہے