ْ کراچی کو پانی فراہم کرنے والی اہم لائنوں اور سرکاری اراضی پر دوبارہ قبضہ کی کوشش ناکام

ملزمان نے فائرنگ کی اور واٹربورڈ کے عملے کو دھکے دیئے اور زدوکوب کیا ،8ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا

جمعہ 19 مئی 2017 21:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2017ء) کراچی کو پانی فراہم کرنے والی اہم لائنوں اور سرکاری اراضی پر دوبارہ قبضہ کی کوشش ناکام بنادی گئی ، ملزمان نے فائرنگ کی اور واٹربورڈ کے عملے کو دھکے دیئے اور زدوکوب کیا ،8ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کارساز روڈ پرنیشنل اسٹیڈیم کے قریب واقع واٹربورڈ کی اراضی ایچ ایس آر سے گزرنے والی 36اور48انچ قطر کی اہم و حساس پائپ لائنوں پر غیرقانونی تعمیرات کے لئے قبضہ مافیا نے کھدائی شروع کردی ہے تھی واٹربورڈ حکام کے رابطے پر پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرالی تھی اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم جمعہ کی صبح قبضہ مافیا کے کارندوں نے ایک بار پھر اپنے مسلح گارڈوں کے ذریعے اراضی پر دوبارہ قبضہ کرلیا اور وہاں کام کرنے والے واٹربورڈ کے عملے اور افسران کو اسلحہ کے زور پر باہر نکال دیا اور ان پر فائرنگ کی ،اطلاع ملنے پر واٹربورڈ کے چیف سیکورٹی آفیسر محمد ریاض ، سپرنٹنڈنگ انجینئر ڈبلیو ٹی ایم عبدالرحمن شیخ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ریونیو محمد اسلم خان ڈائریکٹر لینڈ اینڈ اسٹیٹ شعیب تغلق اور دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کی اطلاع پولیس حکام کو دی جس پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور 8ملزمان طحہ صدیقی ، عثمان مشتاق ، علی مشتاق ، عارف ولد نظیر اللہ ، ابراہیم خان ،سمیع ،رحمان اللہ اور محمد ریاض کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیاگیا ، بعدازاں واٹربورڈ حکام نے تھانہ شاہراہ فیصل پہنچ کر مذکورہ ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 14A(1)/34,337/H,اور511کے تحت مقدمات کا اندراج کرادیا ،واضح رہے کہ مذکورہ اراضی سے واٹربورڈ کی 36اور48انچ قطر کی لائینیں گزررہی ہیں جن کے ذریعے شہر کے بڑے حصے کو پانی فراہم کیا جاتا ہے اگر اس لائن کو نقصان پہنچتا تو شہر کراچی پانی کے سنگین بحران سے دوچار ہوسکتا تھا،ترجمان واٹربورڈ نے قبضہ مافیا کے خلاف فوری کارروائی پر پولیس حکام سے اظہار تشکر کیا ہے ۔

#

متعلقہ عنوان :