فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنا چاہیئے،آفتاب شیرپائو

عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ ہماری غیر مؤثر اور کمزور خارجہ پالیسی ہے جس سے عالمی سطح پر بھارت نے ایک مقام پیدا کیا ،صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 19 مئی 2017 23:24

فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنا چاہیئے،آفتاب شیرپائو
چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنا چایئے۔ عالمی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ یہ ہماری غیر مؤثر اور کمزور خارجہ پالیسی ہے جس کی وجہ سے عالمی سطح پر بھارت نے ایک مقام پیدا کیا اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ضلع کونسل چارسدہ میںپبلک ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین حاجی ظفر خان، حاجی سرتاج خان کی رہائش گاہ پر اُن کے بھائی اور حلقہ پی کے 17 سے صوبائی اسمبلی کے سابق اُمیدوار شاہ ایران باچا مرحوم کی فاتحہ خوانی کے موقع پر محمدزئی یونین آف جرنلسٹس چارسدہ کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پارٹی کے عہدیدار ان اور منتخب نمائندے بھی موجود تھے اُنہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات اور فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کیلئے طلب کیا تھا لیکن حکمران جماعت کے اتحادیوں نے ایک سازش کے تحت اس حوالے سے پختون دُشمن کا کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی مخالفت کی وجہ سے تمام نقصان پختونوں کا ہوگااور کہا کہ رُکاوٹ پیدا کرنے والے پختون قوم کے دشمن ہونگے۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہناتے تو اُنہیں سی پیک سے زیادہ سیاسی فائدہ ہوتا۔ اُنہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی اس حوالے سے جلد ہی اپنا لائحہ عمل تیار کریگی۔ اُنہوں نے بھارتی جاسوس کلھبوشن یادیو کے عالمی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ یہ ہماری غیر مؤثر اور کمزور خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے کہ عالمی عدالت نے کلھبوشن یادیو کی پھانسی کا فیصلہ روکنے کا حکم دیا ہے اور کہا کہ عالمی سطح پر بھارت نے اسے اپنی کامیابی قرار دیا ۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ کیس عالمی عدالت کے دائیر اختیار میں نہیں تھا اور مقدمے کو حکومت کیلئے ایک مؤثر ٹیم تشکیل دینا چاہیئے تھا۔ جے آئی ٹی کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ اس ٹیم کو اپنا کام جلد از جلد مکمل کرنا چاہیئے بصورت دیگر عوام میں اس سے بے چینی پھیلی گی۔ بعد ازاں اُنہوں نے حاجی ظفر خان ، حاجی سرتاج خان سے اُن کے بھائی شاہ ایران باچا کی وفات پر تعزیت کی اور غم زدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :