اولیا ء اللہ نے ہمیشہ قرآن و سنت کی بالا دستی اور بقائے انسانیت کا درس دیا ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

کشمیر،فلسطین،عراق،شام،افغانستا ن سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو تنہائی کا شکار نہیں ہونے دیں گے،ثروت اعجاز قادری

جمعہ 19 مئی 2017 23:37

اولیا ء اللہ نے ہمیشہ قرآن و سنت کی بالا دستی اور بقائے انسانیت کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجا زقادری نے کہاہے کہ اولیا ء اللہ نے ہمیشہ قرآن و سنت کی بالا دستی اور بقائے انسانیت کا درس دیا ،صوفی ازم پوری دنیا میں قیام امن کی ضمانت ہے۔عالمی طاقتیں اسلحہ کی دوڑ سے نکل کر دنیا بھر میں جہالت،غربت اور بے روز گاری کے خلاف جد و جہد کریں ۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں ظلم کے خلاف غیر جانبدارانہ آواز بلند کریں ۔ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ کشمیر،فلسطین،عراق،شام،افغانستا ن سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو تنہائی کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔مسلم امہ کو چاہئے کہ وہ آپسی اختلافات کو بھلا کر کفار کے خلاف خود کو منظم کریں ۔نوجوان نسل کو مذہبی اور سیاسی گروہ بندیوں میں ڈالنے کی بجائے دین کے ساتھ ساتھ عصری علوم اور سائنسی مہارت بھی حاصل کرنا ہو گی ۔

(جاری ہے)

مسلمان ریاستوں کے سر براہان کو چاہئے کہ وہ کشمیر ،فلسطین،عراق ،شام اور افغانستان کے مسلمانوں کے خلاف جاری اہل کفار کی بربریت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ۔سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ صوفیہ کی تعلیمات سے معاشرے میں در گزر ،امن ،محبت اور رواداری کا پیغام مضمر ہے،حکومت صوفی ازم کو عام کرنے میں معاونت کرے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصر ،شام، لیبیاء سے آئے ہوئے مشائخ کرام سے ملاقات میں کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سیاسی اور مذہبی تنگ نظری سے پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے عالمی طاقتوں کو غور کرنا ہوگا ۔

دنیا کو تباہی اور بربادی سے بچانے کیلئے تعلیم کے فروغ اور غربت کا خاتمہ ممکن بنانا ہو گا ۔موجودہ حالات میں تہذیبوں کا ٹکراو پوری دنیا کی تباہی کا سبب بنے گا ،اسلام کے خلاف جھوٹ پر مبنی پراپگنڈا ختم کرنا ہوگا۔ثروت اعجا ز قادری نے کہا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا سر مایہ ہیں ان کی بہتر تعلیم و تربیت ہم سب پر فرض ہے ،حکومت کو چاہئے کہ وہ مستقل بنیادوں پر اپنے سیاسی ایجنڈے تیار کرنے کی بجائے مشترکہ مفادات اور مشترکہ تعلیم و تربیت اور غربت کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرے ۔

متعلقہ عنوان :