صحافی کے لئے اصل اعزاز ا س کے نظریات ، تحریر ، افکار ، قابلیت اور ساکھ ہوتی ہے اور صحافت کا مقصد ان افکا ر و نظریات کی اشاعت و ترسیل ہے ، پاکستانی صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بخوبی احسن ادا کررہے ہیں

گورنر سندھ محمد زبیر عمرکی گوجرانولہ کے صحافیوں کے پانچ رکنی وفد سے بات چیت

جمعہ 19 مئی 2017 23:31

صحافی کے لئے اصل اعزاز ا س کے نظریات ، تحریر ، افکار ، قابلیت اور ساکھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر عمر نے کہا ہے کہ صحافی کے لئے اصل اعزاز ا س کے نظریات ، تحریر ، افکار ، قابلیت اور ساکھ ہوتی ہے اور صحافت کا مقصد ان افکا ر و نظریات کی اشاعت و ترسیل ہے ، پاکستانی صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بخوبی احسن ادا کررہے ہیں با الخصوص معاشرتی ناہمواریوں اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہورہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں گوجرانولہ کے صحافیوں کے ایک پانچ رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔جس کی سربراہی فیصل بٹرکررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ صحافت کی اقدار بھی بدل گئی ہے ، پاکستان میں صحافت کو نت نئے خطرات اور دبائوکا سامنا ہے اس کے باوجود صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں شب و روز مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور تسلسل میں صحافی برادری کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ، میڈیا کو حکومتی پالیسیوں پر تنقید کا پورا حق حاصل ہے لیکن عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کی تشہیر بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے کیونکہ متوازن رپورٹنگ صحافت کا زریں اصول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مثبت سوچ اور نظریہ کے ساتھ آگے بڑھا جا سکتا ہے ۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے اقدامات کے باعث کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور یہاں سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :