کے ڈی اے نے صارفین کو معلومات کی رسائی کے لئے نئی حکمت عملی مرتب کرلی

جمعہ 19 مئی 2017 23:59

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے صارفین کو معلومات کی رسائی کے لئے نئی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پلاٹوں کی خریدو فروخت سے قبل معلومات کے ڈی اے لینڈ ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کریں تاکہ کسی بھی دھوکہ دہی یا جعل سازی سے صارفین محفوظ رہ سکیں۔

ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا تھا کہ معلومات کے حصول کے دوران کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر کے ڈی اے سیکریٹریٹ کو آگاہ کیا جائے تاکہ جعل سازوں کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ دوسری جانب ڈی جی کے ڈی اے کے احکامات کی روشنی میں کے ڈی اے اراضی پر قائم ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور قوت سے آپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں آج اینٹی محکمہ انسداد و تجاوزات کے ڈائریکٹر عبدالقدیر منگی کی سربراہی میں کے ڈی اے ایمپلائز سیکٹر 31/-C/2 کورنگی،پلاٹ نمبر ST-1 رقبہ تقریباً 1100 مربع گز پر ناجائز اسکول کے حوالہ سے تعمیرات کی جارہی تھی جسے مقامی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے انسداد و تجاوزات کے عملے نے بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کردیا، واضح رہے کہ اس اسکول کی ناجائز تعمیرات کو ڈھائی ماہ قبل بھی پہلے مسمار کیا جاچکا ہے، کارروائی کے دوران اسکول میں کوئی بچہ زیر تعلیم نہیں تھا، کے ڈی اے اراضی پر قبضہ کی غرض سے اسکول تعمیر کیا جارہا تھا۔

آپریشن کے دوران ڈائریکٹر انکروچمنٹ عبدالقدیر منگی، ایڈیشنل ڈائریکٹر انکروچمنٹ جمیل بلوچ و دیگر افسران موجود تھے۔