وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیاء انیتے ڈکسن کی ملاقات

جمعہ 19 مئی 2017 23:53

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیاء ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے عالمی بینک کی نائب صدر برائے جنوبی ایشیاء انیتے ڈکسن نے کنٹری ڈائریکٹر پچاموتھو ایلانگوان اور دیگر سینئر حکام کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں عالمی بینک کی سرمایہ کاری اور مختلف منصوبوں پر جاری پیشرفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے عالمی بینک کی معاونت کو سراہتے ہوئے منصوبوں پر پیشرفت کو اطمینان بخش قرار دیا۔ انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر بیجنگ میں عالمی بینک کے صدر سے اپنی ملاقات کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ یہ انتہائی مفید رہی۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی جانب سے کی گئی اقتصادی اصلاحات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نتیجہ میں پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا ہے، اب حکومت بلند، پائیدار و مجموعی شرح نمو پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے رواں مالی سال کے دوران 5.28 فیصد کی شرح نمو حاصل کی ہے جو گذشتہ 10 سالوں کی بلند ترین سطح ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے شروع کئے گئے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انیتے ڈکسن نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات پر عملدرآمد اور ان کی کامیابی پر حکومت پاکستان کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک اس کے ساتھ ترقیاتی ایجنڈا کے تحت منصوبوں میں شراکت داری جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان حالیہ سالوں میں شراکت داری مزید مضبوط ہوئی ہے۔ سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پانی و بجلی اور دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :