میئر کراچی وسیم اختر نے ملازمین ،عام شہریوں کے مسائل سننے کیلئے ہفتے میں دو دن کھلی کچہری کے انعقاد کا آغاز کردیا

شہریوں کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے ،دروازے کراچی کے شہریوں کیلئے کھلے ہوئے ہیں ، میئر کراچی وسیم اختر

جمعہ 19 مئی 2017 23:51

میئر کراچی وسیم اختر نے ملازمین ،عام شہریوں کے مسائل سننے کیلئے ہفتے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے ملازمین اور عام شہریوں کے مسائل سننے کے لئے ہفتے میں دو دن کھلی کچہری کے انعقاد کا آغاز کردیا ہے جس کے دوران سائلین براہ راست میئر کراچی سے ملاقات کرکے انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کرسکتے ہیں اس حوالے سے گزشتہ روز میئر کراچی کے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے میئر کراچی سے ملاقات کرکے اپنے مسائل پیش کئے جن میں سے زیادہ تر پانی و سیوریج، صفائی ستھرائی، تجاوزات ، تعلیم و صحت کے شعبوں سے متعلق تھی جبکہ ملازمین نے اپنی ملازمت کے معاملات خاص طور پر پینشن کی ادائیگی کے حوالے سے پیش مسائل سے میئر کراچی کو آگاہ کیا جس پر میئر کراچی نے پیش کی گئی درخواستوں پر متعلقہ افسران اور محکموں کو ضروری احکامات جاری کئے ،اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے اور میرے دروازے کراچی کے شہریوں کے لئے کھلے ہوئے ہیں جہاں تک ممکن ہوسکا شہریوں کے مسائل جلد از جلد کرنے کی جدوجہد کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں نے طویل عرصے انتظار کیا ہے اور اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے لہٰذا اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ کے ایم سی اور ضلعی بلدیات کے افسران وعملہ شہریوں کو درپیش روزمرہ مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کرے اور جہاں تک ممکن ہو ان مسائل کو تیزی سے حل کیا جائے تاکہ انہیں روزمرہ زندگی میں ریلیف مل سکے، انہوں نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ ہمارے پاس ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی رہے گا ہم کراچی کے لوگوں کے درمیان رہتے ہیں اور ان کے دکھ سکھ میں ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں، محدود وسائل اور اختیارات کے باوجود شہریوں سے مسلسل رابطے اور ان کے مسائل سے آگاہی کا طریقہ اپنایا ہے تاکہ انہیں بھی یہ احساس ہو کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ان کی تکلیف کا پورا احساس ہے اور وہ ان کی خدمت میں دن رات مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے وسائل انتہائی محدود ہیں اور سندھ حکومت کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی پھر بھی ہماری پوری کوشش ہے کہ شہریوں کو مسائل سے چھٹکارہ ملے اور انہیں زیادہ سے زیادہ بلدیاتی خدمات فراہم کی جائیںانہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کے ذریعے شہریوں سے براہ راست رابطے کا موقع ملتا ہے اور ان کے مسائل کو زیادہ بہتر طور پر سمجھنے میں سہولت ہوتی ہے لہٰذا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ اسے مزید بہتر اور موثر بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :