محکمہ انسدادتجاوزات نے راشد منہاس روڈ، گلشن چورنگی، ڈسکو بیکری، سرسید یونیورسٹی روڈ پر تجاوزات کو مکمل طور پر ہٹا دیا

جمعہ 19 مئی 2017 23:51

محکمہ انسدادتجاوزات نے راشد منہاس روڈ، گلشن چورنگی، ڈسکو بیکری، سرسید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسدادتجاوزات نے میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر راشد منہاس روڈ، گلشن چورنگی، ڈسکو بیکری، سرسید یونیورسٹی روڈ، علامہ شبیر احمد عثمانی روڈ اور ملحقہ سڑکوں کے اطراف تجاوزات کے خلاف تین روزہ کارروائی کے دوران سڑک اور فٹ پاتھ پر لگے ہوئے ٹھیلے، پتھارے، گنے کے رس کی مشینیں، لوہے کے کائونٹر، تربوز کے ٹھیلے، پنکچر کا سامان، سیلنڈر، ناکارہ گاڑیوں کے ڈھانچے اور دیگر تجاوزات کو مکمل طور پر ہٹا دیا،یہ کارروائی علاقہ یوسی چیئرمین 25 اور 21 کی شکایات پر کی گئی، اس آپریشن کی نگرانی ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ایسٹ اقبال پرویز نے کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ریحان صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر محمود صدیقی اور دیگر افسران اور انسدا د تجاوزات کاعملہ بھی موجود تھا، واضح رہے کہ مذکورہ مقامات پر لگنے والے پتھارے، ٹھیلے اور دیگر تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی تھی اور پیدل چلنے والے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، آپریشن کے بعد ضبط کیا گیا تمام سامان کے ایم سی اسٹور نیپا چورنگی میں جمع کرادیا گیا، کارروائی کے بعد ان جگہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے بعد ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے اور شہریوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اس اقدام کو بہت سراہا ہے، میئر کراچی نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ مختلف علاقوں میں قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے علاقوں پر توجہ مرکوز کی جائے جہاں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد دوبارہ تجاوزات قائم کردی گئیں ہیں۔