Live Updates

ملک میں کمپنیوں کی حکومت ہے، نواز شریف عوامی اعتماد کھوچکے ، قوم کو بتانا ہوگا ان کے کاروباری مفادات کن کن ممالک میںہیں،عمران خان

بلوچستان کیساتھ حق تلفی ہورہی ہے پاکستان سے سالانہ 1ہزارارب روپے کرپشن کے ذریعے ملک سے باہر بھیجے جارہے ہیں ،پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے نوجوانوں کو مت چھیڑا جائے، ہماری پہلے سے دھرنوں کی پریکٹس ہے ،انشاء اللہ اگلی باری تحریک انصاف کی ہے ،بلوچستان کے لوگوں نے ثابت کردیاوہ نڈر اور بہادر ہیں ،چیئرمین پی ٹی آئی کا کوئٹہ میں جلسے سے خطاب

ہفتہ 20 مئی 2017 00:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کمپنیوں کی حکومت ہے، نواز شریف عوامی اعتماد کھوچکے ، انہیں قوم کو بتانا ہوگا ان کے کاروباری مفادات کن کن ممالک میںہیں،بلوچستان کیساتھ حق تلفی ہورہی ہے پاکستان سے سالانہ 1ہزارارب روپے کرپشن کے ذریعے ملک سے باہر بھیجے جارہے ہیں ،پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے نوجوانوں کو مت چھیڑا جائے، ہماری پہلے سے دھرنوں کی پریکٹس ہے ،انشاء اللہ اگلی باری تحریک انصاف کی ہے ،بلوچستان کے لوگوں نے ثابت کردیا ہے وہ نڈر اور بہادر ہیں ۔

جمعہ کو پی ٹی آئی بلوچستان کے زیراہتمام ایوب اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کمپنیوں کی حکومت ہے وفاقی حکومت شریف کمپنی لمیٹڈ ،سندھ میں زرداری خاندان کی کمپنی ،بلوچستان میں اچکزئی کے بھائیوں کی کمپنی ،خیبر پختونخوا میں اسفندیار ولی اور مولانا فضل الرحمن کے بھائیوں کی کمپنیاں بنی ہوئی ہیں یہ سب کمپنیاں ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر بھیج رہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکمران طبقہ وہی کام کر رہا ہے جو ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کہ عوام ٹیکس دیتے ہیں اور اقتدار میں آنیوالے لوگ کھاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک سے سالانہ 1ہزار ارب روپے کرپشن کرکے منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر بھیجے جارہے ہیں ،دبئی میں گزشتہ 4سال کے دوران 800ارب روپے کی پراپرٹی کیسے خریدی گئی یہاں کا پیسہ پانامہ کی کمپنیوں میں چھپایا گیا اور پھراس سے مے فیئر کے مہنگے فلیٹ خریدے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ پیسہ ملک پر خرچ ہوتا تو یہاں نوجوانوں کو نوکریاں ملتیں سکول بنتے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی بڑے پیمانے پر کرپشن کا بازار گرم ہے ایک طرف وفاق فنڈز کھا رہا ہے تو دوسری جانب حکومتی شخصیات مشتاق رئیسانی جیسے سیکرٹریوں کیساتھ ملکر سوا 2ارب روپے منی لاندرنگ کررہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کا ترقیاتی پلان جاپان اور جرمنی جیسے ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا تو وہ بھی 10سال کے اندراندر تباہ و برباد ہوجاتے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا آگے جارہی ہے اور میں کوئٹہ کا حال دیکھ رہا ہوں کہ وہ پیچھے جارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ شہر میں پینے کے پانی کا مسئلہ ہے نہ تعلیمی ادارے ہیں اور نہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع ہیں ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو سب سے زیادہ لوٹا جارہا ہے ہمیں ڈرایا گیا کہ یہاں پر خطرہ ہے ،خود کش حملہ آوروں کی تصاویر سڑکوں پر لگائی گئی ہیں لیکن جب ایک قوم خوف کا بت توڑ دے تو کوئی خطرہ نہیں رہتا ،انہوں نے کہا کہ سب کے جانے کا ایک دن مقرر ہے اللہ تعالیٰ پر جو لوگ ایمان لاتے ہیں انکا وہ خوف دور کردیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو مان گیا کہ وہ’را‘ کا ایجنٹ ہے اور بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا تھا کراچی میں سیاسی جماعت کے ساتھ ملکر ’را‘ کے منصوبوں کو تکمیل تک پہنچارہا تھا لیکن بھارت اس کی سزائے موت کے فیصلے کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں گیا اور سٹے لے لیا ، انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم سے یہ سوال کرتا ہوں کہ کیا پاکستان کا کوئی جاسوس ہندوستان میں پکڑا جاتا تو بھارت عالمی عدالت کا انتظار کرتا یا اسے پھانسی پر لٹکادیتا یقینا بھارت اپنی سزا پر عمل کرتا ، انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈان لیکس کے بعد آپ کی جو بھی سرگرمیاں ہیں وہ قوم کو معلوم ہوچکی ہیں اب قوم کو آپ پر اعتماد نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم پانامہ کیس پر بنائی گئی جے آئی ٹی سے مطالبہ کریں گے کہ وہ نواز شریف اوران کے بچوں کے بھارت سمیت تمام ممالک میں جو بزنس انٹرسٹ ہیں انکی تحقیقات کرے ،انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ایف آئی اے کے ذریعے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے نوجوانوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی ہے میں انہیں تنبیہ کرتا ہوں کہ ہمیں ہاتھ نہ لگاؤ ہم احتجاج کریں گے ہماری ویسے ہی دھرنوں کے بعد سے بہت پریکٹس ہوگئی ہے اور ہماری ٹیم بھی تیار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلو چستان میں اگر حکومت ملی تو ہم یہاں کی پولیس کے نظام کو خیبرپختونخوا کے نظام میں ڈھالیں گے کچھی کینال کی تعمیر سے 9لاکھ ایکڑ رقبہ زیر کاشت آئے گاایم پی اے ،ایم این اے سے فنڈز لیکر بلدیاتی اداروں کو دیئے جائیں گے کیونکہ جب نچلی سطح پر فنڈز تقسیم ہوتے ہیں تو اس سے عوام کا اعتماد سسٹم پر بحال ہوتا ہے اور وہ ریاست کے دھارے میں شامل ہوتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں آکر بڑے بڑے کرپٹ لوگوں کا احتساب کیا جائے گا ہم ایسا نیب تشکیل دیں گے جو وزیراعظم سے لیکر نیچے تک سب کا احتسا ب کریگا ،انہوں نے کہا کہ جب صادق اور امین لیڈر آتا ہے وہ معاشرے کو ایماندار اور تبدیل کردیتا ہے نواز شریف نے سارا معاشرہ تباہ کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگلی باری تحریک انصاف کی ہے جبکہ بلوچستا ن کے دلیراور نڈر لوگوںکا شکر گزار ہوں جنہوں نے اتنا شاندار استقبال اور جلسہ منعقد کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات