صوبائی وزیر آبپاشی سکندرحیات خان شیرپائو کی صوبائی محکموں کو ضلع مانسہرہ کی ترقیاتی سکیمیں جلد مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 19 مئی 2017 21:14

ٍُمانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی سکندرحیات خان شیرپائو اور صوبائی وزیر ِ محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے قومی تعمیر نو کے محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع مانسہرہ میں ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کیلئے اپنی کوششیں تیز کردیں تاکہ علاقے کے عوام موجودہ حکومت کے شروع کردہ ترقیاتی اقدامات سے بہتر انداز میں مستفید ہوسکیں۔

یہ ہدایات دونوں صوبائی وزراء نے پشاور میں مانسہرہ سے تعق رکھنے والے قومی وطن پارٹی کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران متعلقہ محکمہ جا ت کے حکام کو جاری کیں۔ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ کے معاون ِ خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد عمر زئی اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی ابرار حسین تنولی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت ڈسٹرکٹ نائب ناظم ضلع مانسہرہ مرتضیٰ تنولی کر رہے تھے۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا کہ مانسہرہ میں محکمہ آبپاشی کی مد میں تقریبا 9 کروڑ روپے کے منصوبوں کے ٹینڈر ہو چکے ہیں اور ایک ہفتے میں ان کے ورک آرڈرجاری کر دیئے جائینگے جس پر سیلاب سے حفاظتی پشتہ جات اور ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ضلع کیلئے اس سال کی ADPمیں بھی امبریلا سکیم شامل کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن میں خصوصی افراد کیلئے قائم نئے ماڈل سکول میں پڑھائی 15جون کے بعد تعلیمی سال کے آغاز سے کی جائے گی۔ سینئر صوبائی وزیر نے اس موقع پر خصوصی سکولوں میں اساتذہ کی غیر حاضریوں کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود کے حکام کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں قائم خصوصی سکولوں میں اساتذہ کی حاضری کیلئے بائیومیٹرک سسٹم جلد از جلد متعارف کرایا جائے اور اس ضمن میں نظامت سماجی بہبود سے صوبے میں ان سکولوں پر اچانک چھاپوں کیلئے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔

وفد سے گفتگو کر تے ہوئے صوبائی وزیر معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا کہ مانسہرہ قدرتی وسائل سے مالامال ضلع ہے جہاں پر معدنیات کے انتہائی قیمتی ذخائر موجود ہیں انہوں نے کہا کہ اب معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے نظام انتہائی شفاف اور آسان بنایا گیا ہے اور محکمے سے متعلق تمام معلومات اور لیز کے حصول کیلئے درخواستوں کو جمع کرنے کا پورا طریقہ محکمے کی ویب سائٹ پر موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 10مئی2017ء سے ویب سائٹ پر براہِ راست اپلائی کا عمل شروع کیا گیاہے اور جو بھی اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہو تو وہ براہِ راست اپنی درخواست ویب سائٹ پر جمع کرسکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نئے معدنی ایکٹ2016ء کے تحت اب معدن والے علاقوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات اُٹھانے کوبھی شامل کیا گیا ہے جس سے وہاں کی آبادی کو درپیش مسائل کا ازالہ کیاجا سکے گا۔