وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات اور صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ

صوبے کو جعلی اور غیر معیاری ادویات سے سوفیصد پاک کر کے دم لیں گے،شہبازشریف

جمعہ 19 مئی 2017 20:02

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات اور صحت عامہ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔ تین گھنٹے جاری رہنے والے طویل اجلاس میں ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات اور صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری ہماری پہلی ترجیح ہے۔

شعبہ صحت کی ترقی اور عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مختص کردہ وسائل کے ثمرات ہر صورت عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی استعداد کار بڑھانے کے لئے کی جانے والی اصلاحات قابل ستائش ہیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ادارے کی کورکپیسٹی بڑھانے کیلئے شاندار اقدامات کئے گئے ہیں اور اسی طرز پر تمام اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ کرنے کا عزم اور جذبہ موجود ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ محنت، عزم ، جذبہ مقصد کے حصول اور کامیابی کی کنجی ہے لہٰذا خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور کلچر بدلنے کے لئے ہر ادارے کی کور کیپسٹی بڑھانا ہو گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کوالٹی کنٹرول بورڈ اور ڈی جی ہیلتھ سروسز کے اداروں میں اصلاحات کا عمل تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور ڈی جی ہیلتھ سروسز کے ادارے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال کر بہترین ادارہ بنانا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ادارے میں بہترین، با صلاحیت اور پروفیشنل افرادی قوت لائی جائے اورایڈز اور ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگراموں کو موثر انداز سے آگے بڑھایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کے گھناؤنے کاروبار کو جڑسے اکھاڑ پھینکنے کے لئے موثر لائحہ عمل اپنا یا گیا ہے اور ادویات کی خریداری ، ترسیل اور تقسیم کا جدید نظام اپنایا گیا ہے ۔

ادویات کے نمونے تجزیہ کیلئے دنیا کی معروف لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے ہیں ۔صوبے کو جعلی اور غیر معیاری ادویات سے سوفیصد پاک کر کے دم لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس دور دراز علاقوں میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں لہٰذا مزید 100 ہیلتھ موبائل ہیلتھ یونٹس منگوانے کا پلان بنایا جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کی جا رہی ہیں اور وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس سکیم سے غریب عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم ہو رہی ہیں اور ہیلتھ کارڈ کے ذریعے غریب مریضوں کو سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں علاج کی سہولتیں مفت حاصل ہیں اور پنجاب کے چار اضلاع میں یہ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کا دائرہ باقی 32 اضلاع تک بھی بڑھایا جا رہا ہے ۔اجلاس میں پروگرام کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن رپورٹ کا جائزہ لیا گیا ۔ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، مشیر ڈاکٹر عمر سیف ، چیف سیکرٹری ، سیکرٹریز صحت، خزانہ، ماہرین صحت اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔