وکلاء تنظیمیں پانامہ کیس معاملے میں وزیر اعظم کے استعفیٰ کے مطالبے پر باہمی اختلافات کا شکار

پاکستان بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی وکلاء برادری کو تقسیم کر رہی ہے ،آج وکلاء کنونشن میں ملک بھر کے وکلاء نمائندے شرکت کر کے سازش ناکام بنائینگے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رشید اے رضوی ، سیکرٹری آفتاب باجوہ ،ہائیکورٹ بار کے صدرذوالفقار چوہدری کی مشترکہ پریس کانفرنس

جمعہ 19 مئی 2017 18:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) وکلاء تنظیمیں پانامہ کیس کے معاملے میں وزیر اعظم کے استعفیٰ کے مطالبے پر باہمی اختلافات کا شکار ہو گئیں ، سپریم کورٹ بار اور لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا کہ پاکستان بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی وکلاء برادری کو تقسیم کر رہی ہے تاہم آج ہفتہ کو وکلاء کنونشن میں ملک بھر کے وکلاء نمائندے اپنی بھر پور شرکت سے وکلاء کو تقسیم کرنے کی کوشش عملی طور پر ناکام بنا دیں گے ۔

اس امر کا اظہار گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار کے کراچی شہداء ہال میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رشید اے رضوی ، سیکرٹری آفتاب باجوہ اور لاہور ہائیکورٹ بار کے صدرذوالفقار چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ہائیکورٹ بار عامر سعیدراں اور نائب صدر راشد لودھی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ رشید اے رضوی نے لاہور ہائیکورٹ بار کی طرف سے بلائے گئے آل پاکستان وکلاء کنونشن کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے وکلا نمائندے لاہور میں ہونیوالے وکلا ء کنونشن میں شریک ہوں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی وکلاء برادری کو تقسیم کر رہی ہے تاہم وکلاء برادری تقسیم نہیں ہو گی اور آج ہفتہ کو وکلاء کنونشن میں ملک بھر کے وکلاء نمائندے اپنی بھر پور شرکت سے وکلاء کو منقسم کرنے کی یہ کوشش عملی طور پر ناکام بنا دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کے معاملے پر جے آئی ٹی کی بجائے انکوائری کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جا نا چائیے تھا۔

اب وقت آگیا ہے کہ ہم کرپشن کے خلاف پوری طرح جنگ کریں۔ سیکرٹری سپریم کورٹ آفتاب باجوہ نے کہا کہ سپریم کورٹ بار کی ایگزیکٹو باڈی کے چند لوگ ایک بر سر اقتدار جماعت کے ایماء پر مجھ سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین وکلا ء کو بیچنا چاہتے ہیں مگر ہم انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے ۔اس موقع پر ہائیکورٹ بار کے صدرذوالفقار چوہدری نے کہا کہ بعض لوگ وکلاء کو تقسیم کرنے اور انہیں لالچ دینے کی کوشش نہ کریںہماری لاشیں تو گر سکتی ہیں مگرآج20 مئی کا کنونشن نہیں رک سکتا۔

متعلقہ عنوان :