لودھراں ‘سلنڈر دھماکے میں جھلسنے والے مزید 4افراد نشترہسپتال میں دم توڑ گئے‘جاں بحق افراد کی تعداد 7ہوگئی

برن یونٹ میں زیرعلاج دیگر7افراد کی حالت بھی تشویشناک

جمعہ 19 مئی 2017 18:48

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 مئی2017ء)لودھراں میں 14مئی کو سلنڈر دھماکے میں جھلسنے والے مزید چار افراد ملتان کے نشتراسپتال میں دم توڑ گئے ،سلنڈردھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 7ہوگئی جبکہ نشتر ہسپتال کے برن یونٹ میں زیرعلاج دیگر7افراد کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لودھراں میں چندروزقبل اڈہ شاہنال پرایل پی جی گیس کی ری فلنگ کے دوران سلنڈردھماکے سے 21افراد بری طرح جھلس گئے تھے جن میں سے 11افراد کو تشویشناک حالت میں نشتراسپتال ملتان کے برن یونٹ منتقل کیا گیا تھا ،گزشتہ روز سلنڈردھماکے میں جھلسنے والے گیارہ افراد میں سے چارافراد، ندیم، ریاض، شاہد اور زین عباس ملتان کے نشتر اسپتال کے برن یونٹ میں چل بسے۔

ڈاکٹرز کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کا جسم 80 سے 100 فیصد تک جھلس چکا تھا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ برن یونٹ میں زیر علاج 7 افراد کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔سلنڈر دھماکے کے دیگر متاثرہ افراد بہاولپور کے وکٹوریہ اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔