وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس

ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی کی جانب سے مختلف ٹرینوں کے بارے میں بریفنگ کراچی سے پشاور تک مین لائن پر سی پیک کے تحت ایک ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے، خواجہ سعد رفیق

جمعہ 19 مئی 2017 18:28

وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی سے پشاور تک مین لائن پر سی پیک کے تحت ایک ہزار ارب روپوں کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ پاکستان ریلویز ملک بھر میں چھوٹے اور بڑے شہروں کے درمیان برانچ لائنوں پر چلنے والی اپنی ٹرینوں کو نظرانداز نہیں کر سکتا، ہمیں ان کی حالت کو بہتر بناتے ہوئے اپنے مسافروں کو زیادہ محفوظ، باکفایت اور تیز رفتار سفر کی سہولتیں فراہم کرنی ہیں۔

وہ گذشتہ روز برانچ لائنوں پر چلنے والی ٹرینوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی نے ملت ایکسپریس، بہائوالدین زکریا ایکسپریس، سندل ایکسپریس، لاثانی ایکسپریس، فیض احمد فیض ایکسپریس، اٹک پسنجر، راولپنڈی پسنجر، جند پسنجر، بدین ایکسپریس، چمن ہسنجر، چناب ایکسپریس اورملکوال پنڈ دادن خان سے چلنے والی شٹل ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز نے برانچ لائنوں پر اپنے مسافروں کو سہولت دینے کے لئے کرایوں میں حال ہی میں دس فیصد رعائیت دی ہے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے اے جی ایم ٹریفک عبدالحمید رازی، سی او پی ایس وقار احمد شاہد اور چیف انجینئر اوپن لائن بشارت وحید کو ذمہ داریاں دیں کہ وہ مختلف ٹرینوں کے سفر کے وقت کو کم کرنے اور ٹریک کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس سفارشات پندرہ روز کے اندر دیں۔

انہوں نے ملکوال سے پنڈ دادن خان کے دورمیاں شٹل سروس میں بوگیوں کی تعداد تین سے پانچ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز سیالکوٹ کے تاجروں اور صنعتکاروں کو سیالکوٹ سے لاہور اور کراچی تک سامان کی ترسیل کی سہولت فراہم کرنے کے لئے بھی تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریلوے حکام اس امر بھی غور کریں کہ جن سیکشنوں میں بغیر ٹکٹ مسافروں کی وجہ سے ریلوے کو خسارے کا سامنا ہے وہاں کن اقدامات کے ذریعے ٹکٹ چوری پر قابو پاتے ہوئے ریلوے کے خسارے کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے ایک قومی ادارہ ہے اور اس کی بحالی اور ترقی میں قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ثابت ہو گی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز جاوید انور، ممبر فنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل مینجیر انفراسٹرکچر ہمایوس رشید، ایڈیشنل جنرل مینیجر ٹریفک عبدالحمید رازی، ایڈیشنل جنرل مینیجر ٹیکنیکل انصر باللہ، ایف اے اینڈ سی اے او ڈاکٹر محمد سعید، چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ آفیسر وقار احمد شاہد، چیف کمرشل مینجر نوید مبشر اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔