جہاز سازی کی صنعت میں خود انحصاری کی جانب ایک اور قدم

کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے 32 ٹن پُل ٹگ کی تعمیر کی بنیاد رکھ دی گئی

جمعہ 19 مئی 2017 17:01

جہاز سازی کی صنعت میں خود انحصاری کی جانب ایک اور قدم
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) پاک بحریہ کے لئے تعمیر کئے جانے والے 32 ٹن کے بولارڈ پُل ٹگ کی بنیاد رکھنے کی تقریب جمعہ کو کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (پراجیکٹس) اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق پُل ٹگ کی لمبائی 34 میٹر ہے اور وزن 481 ٹن ہے جبکہ رفتار 12 ناٹس ہے۔

اس ٹگ میں مضبوط فینڈرِنگ ارینجمنٹ نصب کیا جائے گا جو ہر سائز کے جہاز کو کھینچنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی نے اس اہم سنگِ میل کے حصول کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ 32 ٹن کے اس ٹگ کی تعمیر پاک بحریہ کی جہاز سازی کی صنعت میں خود انحصاری کے وژن کی عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے وزارتِ دفاعی پیداوار کی مکمل معاونت اور کراچی شپ یارڈکی انتھک محنت کو بھی سراہا۔

وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے مزید کہا کہ جہاز سازی میں خود انحصاری کے وژن کے تحت پاک بحریہ نئے جہازوں کو بحری بیڑے میں شامل کررہی ہے اور تسلسل کے ساتھ کراچی شپ یارڈ کو جہاز وں کی تعمیر کے کنٹریکٹ دے رہی ہے، اس سے نہ صرف پاک بحریہ کو درکار جہازوقت پر تیار کئے جا سکیں گے بلکہ اس سے پاکستان کی جہاز سازی کی صنعت کو بھی ترقی دی جا سکے گی۔

قبل ازیں، رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ، مینجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ 2014ء میں بھی اسی طرز کی ایک ٹگ پاک بحریہ کے حوالے کی گئی تھی جوگرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے شپ یارڈمیں جاری منصوبوں کا ایک مجموعی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شپ یارڈ فی الوقت جہاز سازی کی09 منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں پاک بحریہ کے لئے فلِیٹ ٹینکر، پاکستان مًیری ٹائم ایجنسی کے لئے مًیری ٹائم پٹرول ویسلز (MPVs)، فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)، پاک بحریہ کے لئے کثیرالمقاصد بارج اور پاکستان آرمی کے لئے برِج اِریکشن بوٹس شامل ہیں۔

رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر نے کراچی شپ یارڈ پر اظہار اعتمادکے لئے وزارتِ دفاعی پیداوار (حکومتِ پاکستان) اور بالخصوص پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں حکومتِ پاکستان، پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے اعلیٰ حکام اور یگر عہدیداران نے شرکت کی۔