لاہور ہائیکورٹ : مقابلے کے امتحانات میں معذور افراد کا کوٹہ ختم کرنے کیخلاف درخواست پر چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن سے جواب طلب

جمعہ 19 مئی 2017 17:01

لاہور ہائیکورٹ : مقابلے کے امتحانات میں معذور افراد کا کوٹہ ختم کرنے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں مقابلے کے امتحانات میں معذور افراد کا کوٹہ ختم کرنے کیخلاف دائر درخواست پر چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن سے جواب طلب کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت درخواست گزارسائرہ حامد کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن نے معذور افراد کا کوٹہ ختم کر دیا ہے اور مقابلے کے امتحانات میں کوٹہ ختم کرنا معذور افراد کا آئینی حق چھیننے کے مترادف ہے،انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت کسی شہری کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں برتا جا سکتا،درخواستگزار نے استدعا کی کہ پبلک سروس کمیشن کا معذور افراد کا کوٹہ ختم کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے،جس پر عدالت نے پنجاب میں مقابلے کے امتحانات میں معذور افراد کا کوٹہ ختم کرنے کیخلاف دائر درخواست پر چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔