سندھ ہائی کورٹ نے آصف زرداری کے قریبی ساتھی خان محمد چاچڑ کی درخواست ضمانت پرکیس کی تفصیلات طلب کرلیں

جمعہ 19 مئی 2017 16:19

سندھ ہائی کورٹ نے آصف زرداری کے قریبی ساتھی خان محمد چاچڑ کی درخواست ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے آصف زرداری کے قریبی ساتھی خان محمد چاچڑ کی درخواست ضمانت پر انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں چلنے والے کیس ٹرائل کی تفصیلات طلب کرلی ہے۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی خان محمد چاچڑ کی اسلحہ برآمدگی کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، مدعی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف قائم مقدمہ جھوٹا ہے، جس قبر سے اسلحہ برآمد کرکے دکھایا گیا، وہ قبر چھوٹی اور اسلحہ زیادہ ہے، اس قدر چھوٹی قبر میں راکٹ لانچر اور گولہ بارود نہیں رکھا جاسکتا۔

مقدمے کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ محمد خان چاچڑ نے اسلحہ اور گولہ بارود قبرستان میں چھپا رکھا تھا،رینجرز نے ملزم ہی کی نشاندہی پر اسلحہ برآمد کیا، یہ اسلحہ قتل وغارت اور دہشت گردی میں استعمال ہونا تھا، ملزم کے خلاف دو گواہ بیان ریکارڈ کراچکے ہیں، اس لئے درخواست ہے کہ ملزم کوضمانت نہ دی جائے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جسٹس صلاح الدین پہنور نے ریمارکس دیئے کہ وکیل کو کیا پتہ کہ کس جگہ کتنا اسلحہ چھپایا جاسکتا ہے،عدالت نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں چلنے والے کیس ٹرائل کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :