پارلیمانی رپورٹرز قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے تحریری تجاویز فراہم کریں

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا سینئر صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب

جمعہ 19 مئی 2017 16:19

پارلیمانی رپورٹرز قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے تحریری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت اور قومی سلامتی سب سے مقدم ہے، کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن اور ملک بھر سے آئے ہوئے سینئر صحافیوں کے اعزاز میں اپنی طرف سے دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز بالخصوص پی آر اے کے ساتھ ان کا ایک خاص رشتہ ہے اور یہ ان کے لئے ایک اثاثے کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے تحریری طور پر تجاویز فراہم کریں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کی سزا کا معاملہ قومی اہمیت کا مسئلہ ہے، اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ مجھے اس کیس کی زیادہ تفصیلات معلوم نہیں ہیں اس لئے مزید تبصرہ نہیں کر سکتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈان کی خبر کے معاملہ پر ہر ادارے نے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس طلب کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کے معاملہ پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی تنقید ہمارے لئے رہنمائی کا باعث ہوتی ہے۔ قومی اسمبلی میں ارکان کی حاضری کو یقینی بنانا میرے اختیار میں نہیں کیونکہ بطور سپیکر سیاسی جماعتوں پر میرا کوئی اختیار نہیں ہے، کورم پورا کرنا سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔