ترقی کا عمل سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کی خوشحالی ہر ایک کی ترجیح ہے ،ْوزیر اعظم نواز شریف

صحت ، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں کے دیہی ترقیاتی منصوبہ جات کو خصوصی توجہ دی جائے ،ْاجلاس سے خطاب

جمعہ 19 مئی 2017 14:31

ترقی کا عمل سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کی خوشحالی ہر ایک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2017ء) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ترقی کا عمل سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کی خوشحالی ہر ایک کی ترجیح ہے ،ْ صحت ، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں کے دیہی ترقیاتی منصوبہ جات کو خصوصی توجہ دی جائے۔وہ جمعہ کو قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر ، گورنر کے پی کے، پنجاب سندھ ، کے پی کے ، بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ ، وفاقی و صوبائی وزراء ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ 5.28فیصد کی شرح نمو قابل تعریف ہے ،ْ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک کی ترقی کے لئے ہم آہنگی سے کام کررہی ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ چین میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے دوران تمام وزرائے اعلیٰ ان کے ہمراہ تھے اور دنیا کے دیکھا کہ ترقی کے لئے پاکستان میں اتفاق رائے ہے اور یہ بہت مثبت پیغام تھاکہ ہم متحد ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم توانائی کے منصوبہ جات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں نہ صرف بجلی کی فراہمی ہمار ی ترجیح ہے بلکہ ہم صارفین کے لئے سستی بجلی فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم ایل این جی ، کوئلہ ، ہائیڈل ، سولر اور ونڈسمیت توانائی کے مختلف ذرائع بروئے کارلانے لانے پر توجہ دے رہے ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ بنیادی ڈھانچہ ترقی کی کلید ہے اور ہم سڑکوں اور مواصلاتی نیٹ ورک پر توجہ دے رہے ہیں ،ْ انہوںنے کہاکہ ترقی کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے ، پاکستان کی خوشحالی ہر ایک کی ترجیح ہے ۔ ترقیاتی منصوبہ بندی کے لئے عوام کی بہبود پر مرکوز حکمت عملی اختیار کی گئی ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت نے مالی سال 2012-13 ء کے مقابلے میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (2017-18 ء ) میں صوبوں کا حصہ تین گنا بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا، اے جے کے اور گلگت بلتستان وفاقی حکومت کے لئے دیگر تمام صوبوں کی طرح ہی اہم ہیں۔انہوںنے اس امر پر زور دیا کہ صحت ، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں کے دیہی ترقیاتی منصوبہ جات کو خصوصی توجہ دی جائے۔