وجیہہ الزمان خان گلے میں دوپٹہ ڈال کر کس منہ سے سردار یوسف کے خلاف مبالغہ آرائی کر رہے ہیں، ضلع ناظم مانسہرہ

جمعہ 19 مئی 2017 14:25

وجیہہ الزمان خان گلے میں دوپٹہ ڈال کر کس منہ سے سردار یوسف کے خلاف مبالغہ ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) ضلع ناظم مانسہرہ سید غلام نے کہا ہے کہ 20 سال تک سردار یوسف کی حمایت اور مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر اقتدار کے مزے لینے والے رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان خان گلے میں پی ٹی آئی کا دوپٹہ ڈال کر کس منہ سے سردار یوسف جیسی شخصیت کے خلاف مبالغہ آرائی کر رہے ہیں، شہریار خان غیر مند باپ کے غیرت مند بیٹے ہیں، اوگی میں ضلعی حکومت کی جانب سے انہیں مکمل اختیار دیا گیا ہے وہ جس جگہ جتنے فنڈ کا اعلان کریں گے ہم اس کی ضرور پاسداری کریں گے، بلدیاتی انتخابات کی طرح 2018ء کے عام انتخابات میں بھی ضلع مانسہرہ میں سردار یوسف اور لائق محمد خان اتحاد قائم رہے گا اور کامیابی اسی اتحاد کا مقدر بنے گی۔

وہ یو سی اوگی کے دور افتادہ گائوں کنڈ میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

جلسہ سے ممبران ضلع کونسل شہر یار خان ایڈووکیٹ، حاجی فریدون، ممبر تحصیل کونسل جمال علوی، ناظم اربوڑہ سیری دانش خان، کونسلر شاہد سلیمان، یونس خان، رسول خان، ذوالفقار قریشی، کونسلر نصیر خان، ناظم دھڑہ خالد حسین اور حاجی محبوب الرحمن نے خطاب کیا۔ ضلع ناظم مانسہرہ نے کہا کہ لائق محمد خان کے فرزند شہریار خان ایک جرات مند لیڈر ہیں جنہوں نے پی ٹی آئی سے اختلافات پر منتخب نشست کو لات ماری اور مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ لیکر دوبارہ ممبر ضلع کونسل بننے کا اعزاز حاصل کیا، ہمیں یہ پتہ ہے کہ سینٹ بھی کس نے ووٹ کا سودا کیا ہے، گائوں کنڈ کیلئے ضلعی حکومت فنڈ سے 20 لاکھ روپے، شہر یار خان کی طرف سے دس لاکھ روپے، تحصیل ناظم اوگی راجہ بشیر کی جانب سے پانچ لاکھ روپے دیئے گئے ہیں جس سے کنڈ، فرکی، لڑی سڑک کو پختہ کر کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جائے گا۔

اس موقع پر شہریار خان نے مکتب سکول کو اپ گریڈ اور پرائمری سکول کے قیام کا اعلان کیا۔ ممبر ضلع کونسل شہر یار خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وجیہہ الزمان خان نے عوام کے قیمتی 20 سال ضائع کئے ہیں، لڑی، فرکی، کنڈ اور مضافات سے ہر الیکشن میں ہزاروں ووٹ لینے کے باوجود وہ اس علاقہ میں پختہ سڑک تعمیر نہیں کروا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وجیہہ الزمان کے ساتھ تین کا ٹولہ ہے جنہوں نے ہمیشہ عوام کا استحصال کیا، ذاتی مفادات کی پاداش میں نوازشریف کو چھوڑا، سینٹ کے الیکشن میں کس نے ووٹ بیجا سب ثبوت ہمارے پاس ہیں، سردار یوسف کے ساتھ ہمارا اتحاد مضبوط ہے، آئندہ الیکشن میں جس کو پی کے 56- سے سردار یوسف امیدوار نامزد کریں گے ڈنکے کی چوٹ پر اس کا بھرپور ساتھ دیں گے۔