اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے، قانون شکن افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، ڈی پی او مانسہرہ

جمعہ 19 مئی 2017 14:25

اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے، قانون شکن افراد کسی ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2017ء) ڈی پی او مانسہرہ چوہدری احسن سیف الله نے کہا ہے کہ اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے، قانون شکن افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اشتہاریوں کو گرفتار کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

(جاری ہے)

کرائم میٹنگ میں ضلع کے تھانوں کے ایس ایچ اوز اور دیگر افسران سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ تمام اشتہاریوں کے خلاف کی گئی کارروائی کی ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ پیش کی جائے، ایس ایچ اوز اپنے اپنے تھانوں کی حدود میں موجود تمام اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے بھرپور مہم شروع کریں تاکہ قانون شکن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ قانون شکن افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ایسے افراد کی عدم گرفتاری سے مسائل جنم لیتے ہیں، بہت سے اشتہاری ملزمان کو ابھی تک پولیس گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے تاہم اب اس بارے فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ اشتہاری ملزم کی گرفتاری ایک اہم مسئلہ ہے اور شروع کردہ مہم اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ ڈی پی او نے کہا کہ ضلع کے تمام 13 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اس سلسلہ میں سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اشتہاری ملزمان کی عدم گرفتاری پر متعلقہ افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔