کاشتکاروں کے مفادات کا بھر پور تحفظ کیا جارہا ہے، بلال یاسین

گندم خریداری مہم کو شفاف رکھنے کے لئے تمام تر انتظامی مشینری اور خفیہ اداروں کی طرف سے کڑی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ کسی سنٹر پر کوئی گڑ بڑ یا بددیانتی نہ ہونے پائے ، صوبائی وزیر خوراک بلال

جمعرات 18 مئی 2017 22:26

کاشتکاروں کے مفادات کا بھر پور تحفظ کیا جارہا ہے، بلال یاسین
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2017ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کے مفادات کا بھر پور تحفظ کیا جارہا ہے اس سلسلے میں گندم خریداری مہم کو شفاف رکھنے کے لئے تمام تر انتظامی مشینری اور خفیہ اداروں کی طرف سے کڑی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ کسی سنٹر پر کوئی گڑ بڑ یا بددیانتی نہ ہونے پائے ، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے کسان پیکج کے تحت کاشتکاروں کو ارزاں نرخوں پر کھادوں اور بلاسود قرضوں کی فراہمی کے اقدامات سبز انقلاب کا پیش خیمہ ہیں جس سے کاشتکار بھر پورفائدہ اٹھا رہے ہیں اور رواں سیزن میں گندم کی بھر پور پیداوار ان انقلابی زرعی اقدامات کا بین ثبوت ہے۔

انہوں نے یہ بات گندم خریداری مرکز سیٹ نمبر 6 کے اچانک معائنے کے دوران کاشتکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک نے کاشتکاروں سے کہا کہ گندم خریداری مہم میں حقیقی کاشتکاروں کے حقوق کی پاسداری کے لئے جامع پالیسی پر عملدرآمد کیا جارہا ہے اور مڈل مین کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف خود بھی خریداری مراکز پر اچانک چھاپے مار کر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں کیونکہ وہ کاشتکاروں کے مفادات کو بے حد عزیز رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کی سہولت اور آرام کے سلسلے میں بھر پور انتظامات کو ہمہ وقت برقرار رکھنے کے لئے سٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر خوراک نے کاشتکاروں کی رجسٹریشن ‘ گرداوری کی تصدیق اور بار دانہ کی فراہمی کے عمل کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ چیک کیا اور سٹاف کو خبردار کیا کہ کسی قسم کی ہیرا پھیری نہیں چلے گی کیونکہ مہم کے تمام تر انتظامی امور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید سسٹم سے منسلک ہیں ۔

انہوں نے سٹاف کو ہدایت کہ وہ کاشتکاروں کو باردانہ کی فراہمی کے تمام عمل کو مزید باآسان بنائیں ۔صوبائی وزیر نے گندم ذخیرہ کرنے کے انتظامات کو بھی چیک کیا اور ہدایت کی کہ خریدی گئی گندم کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ بعدازاں صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے ضلع چنیوٹ میں گندم خریداری کے مختلف مراکز کا معائنہ کیا اور کاشتکاروں سے ملاقات کے دوران انتظامات کے بارے میں دریافت کیا ۔

انہوں نے کاشتکاروں کے اطمینان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی خدمت کے لئے بے حد پر عزم ہے اس مقصد کے لئے متعدد کسان دوست پالیسیوں پر بھر پور انداز میں عملدرآمد کیا جارہا ہے۔کاشتکاروں نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گندم کی خریداری کے سلسلے میں کسانوں کو دی جانے والی سہولتوں پر اپنے بھر پور اعتماد و اطمینان کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :