شیخوپورہ،صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے گندم خریداری مرکز مانانوالہ کا دورہ

جمعرات 18 مئی 2017 22:42

شیخوپورہ،صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے گندم خریداری مرکز مانانوالہ ..
شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2017ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے گندم خریداری مرکز مانانوالہ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کسانوںسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے پنجاب بھر میں کسانوں کو حکومتی سطح پر اربوں روپے کے پیکج فرا ہم کئے جار ہے ہیں اور کسانوں کی خوشحالی، ترقی کے لیے کسانوں میں زرعی آلات کی فراہمی اور ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ہاریوں اور مزاروں کو فصلوں کی کاشت کو بہتر اور یقینی بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرض فراہم کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب نے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کھیتوں سے منڈیو ں تک فصلوں کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے پنجاب بھر میں ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ کے منصوبے کے تحت سڑکوں کے جال بچھائے ہیں تاکہ کسانوں کی محنت کی کمائی انہیں منڈیوں تک پہنچانے میں آسانی ہو سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ خادم اعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کے لیے 100 فیصد میرٹ اور بہترین انتظامات کو اولین ترجیح دی ہے تا کہ کسانوں کو اپنی سال بھر کی محنت کی کمائی صاف اور شفاف طریقے سے میسر ہو ۔

انہوں نے اس موقع پر احسن انتظامات جیسے کاشتکاران کے لئے بیٹھنے کی سایہ دار مخصوص جگہ ، صاف اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی، میڈیکل سہولیات اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کوبھی سراہا ۔ اس موقع پر انہوں نے کاشتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور گندم کی خریداری کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کے متعلق آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوںکو محنت کا پھل پوری قیمت کی صورت میں ادا کررہی ہے۔ کسان کی خوشحالی دراصل پاکستان کی خوشحالی ہے۔

متعلقہ عنوان :