کرغزستان میں مقیم پاکستانیوں کے گروہ کے انٹرنیٹ اور فیس بک پر سادہ لوح ہم وطنوں کو بیرون ملک بھجوانے اور روزگار کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے کاانکشاف

گروہ کے سرغنہ انیق احمد خان 2012 ء میں 120 پاکستانیوں کو کینیڈا،آسٹریلیا وغیرہ پہنچانے کا جھانسہ دے کر بشکیک لایا، مقدمات کے اندراج اور جیل کی سزا ہونے کے باوجود اس سے لوٹی گئی رقم کی مد میںوصولی نہ ہوسکی، مزید تین افرادبشکیک میں پکڑے گئے ، پاکستانی سفارتخانہ رہائی کیلئے کوشاں ، تما م لوگوں کو گروہ کے جال سے بچنے کی تنبیہ

جمعرات 18 مئی 2017 23:25

بشکیک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2017ء) کرغزستان میں مقیم پاکستانیوں کے ایک گروہ کے انٹرنیٹ اور فیس بک پر سادہ لوح پاکستانیوں کو بیرون ملک بھجوانے اور روزگار کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے کاانکشاف ہواہے ، گروہ کے سرغنہ انیق احمد خان 2012 ء میں 120 پاکستانیوں کو کینیڈا،آسٹریلیا وغیرہ پہنچانے کا جھانسہ دے کر بشکیک لایا، مقدمات کے اندراج اور جیل کی سزا ہونے کے باوجود اس سے لوٹی گئی رقم کی مد میںوصولی نہ ہوسکی ، گروہ کی جانب سے جعلی ویزوں پر بشکیک بھجوائے گئے تین پاکستانی ہوائی اڈے پرگرفتارکرلئے گئے ،ان کی رہائی کیلئے پاکستانی سفارتخانے نے کوششیں شروع کردیں ،تمام پاکستانیوں کوخبردارکیاگیاہے کہ ہے کہ وہ اس گروہ سے ہوشیا رہیں ۔

تفصیلات کے مطابق یہ انکشا ف ہواہے کہ کرغزستان میں مقیم پاکستانیوں کا ایک گرو ہ جس کا سرغنہ انیق احمد خان ولد تنویر احمد سکنہ میانوالی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے چند ساتھیوں بلال خالد ولد خالد محمود سکنہ وہاڑی اور محمد وسیم ڈھلوں ولد محمد رفیق آف وہاڑی سے مل کر انٹرنیٹ اور فیس بک پر سادہ لوح پاکستانیوں کو بیرون ملک بھجوانے اور روزگار کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورتا ہے اور پھر اُن لوگوں کو کر غزستان بلا کر مزید رقم کا مطالبہ کرتا ہے اور اُن کو بے یارومددگار چھوڑ دیتا ہے ۔

یہ لوگ اس قدر ہوشیار اور چالاک ہیں کہ نہ صرف سادہ لوح بلکہ پڑھے لکھے نوجوان بھی کینیڈا اور آسٹریلیا جانے کی خواہش میں اس گرو ہ کے جھانسہ میں آجاتے ہیں ۔انیق احمد خان قبل ازیں 2012 ء میں 120 پاکستانیوں کو کینیڈا،آسٹریلیا وغیرہ پہنچانے کا جھانسہ دے کر بشکیک لا چکا ہے جس پر اس شخص کے خلاف مقدمات درج ہوئے لیکن جیل کی سزا ہونے کے باوجود اس سے لوٹی گئی رقم کی مد میںکوئی وصولی نہیں ہوئی بعد ازاں متاثرین کو پاکستانی سفارت خانہ کی مدد سے پاکستان بھجوا یا گیا ۔

انیق احمد خان کرغستان جیل میں اس وقت سزا کاٹ رہا ہے مگر اُس کا گروپ پھر حرکت میں ہے ۔مارچ 2017 ء میں 03 پاکستانی نو جوان شاہد محمود ولد محمد وزیر آف اسلام آباد ،عاصم محمود ولد عبدالقیوم آف راولپنڈی اور محمد اسلم شہزاد آف سرگودھا اس گرو ہ کے جال میں پھنس کر کرغستان پہنچ گئے کہ وہاں سے کینیڈا جائیں گے لیکن وہاں پہنچ کر انہیں معلوم ہو گیا کہ ان کے ساتھ دھوکہ ہو گیا ہے ۔

بشکیک میں پاکستانی سفارتخانے کی بروقت مدد کے باعث ان تینوں کو فراڈیوں کے چنُگل سے چھٹکارہ دلوا کر پاکستان بھجوایا گیا اور ساتھ ہی متعلقہ اداروں کو با ضابطہ شکایت بھی جمع کرائی گئی اسی طرح اس گروپ کے جھانسے میں آکر تین مزید پاکستانی مسمی الطاف حسین ،مسمی حمزہ یعقوب اور مسمی عمر ہاشمی 18 اپریل 2017 ء کو بشکیک ائیر پورٹ پر اترے جہاں پولیس نے تینوں کو حراست میں لے لیا ہے ۔

جن سے پوچھ گچھ جاری ہے ۔ان تینوں کے ٹکٹ اور کینیڈا کے جعلی ویزے تھے جو کہ انیق احمد گروپ نے لگوائے تھے ۔پاکستانی سفارتخانہ بشکیک تینوں کی رہائی کے لیے کوشش کر رہا ہے ۔یاد رہے کہ نو سربازوں کا یہ گرو اپنے جال میں پھنسانے کے بعد ان کو مخصوص مقامات پر رکھتے ہیں تاکہ سفارتخانہ سے رابطہ نہ کر سکیں ۔سفارتخانہ پاکستان نے مزید وضاحت کی ہے کہ کسی بھی ملک کا ویزہ درخواست گزار کو اپنے ملک میں موجود اُس ملک کے سفارتخانے سے ہی مل سکتا ہے نہ کہ تیسرے ملک سے لہذا عوام الناس کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ اس قسم کے دھوکے باز اور جعل ساز لوگوں کے بہکاوے میں نہ آئیں بلکہ ایسے گروپوں کے خلاف ہر سطح پر قانونی کارروائی کے لیے آواز بلند کریں ۔