وزیراعلیٰ پنجاب کا وزیرآباد کے گندم خریداری مرکز کا اچانک دورہ، ناقص انتظامات پر اظہار برہمی

ڈیٹا سسٹم پر عدم اطمینان کا اظہار،زمینداروں کی شکایات،مرکز کے انچارج اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر رانا جمشید معطل

جمعرات 18 مئی 2017 19:15

وزیراعلیٰ پنجاب کا وزیرآباد کے گندم خریداری مرکز کا اچانک دورہ، ناقص ..
وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا وزیرآباد کے گندم خریداری مرکز کا اچانک دورہ، ناقص انتظامات پر اظہار برہمی۔ڈیٹا سسٹم پر عدم اطمینان کا اظہار۔زمینداروں کی شکایات۔ مرکز کے انچارج اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر رانا جمشید معطل۔ شہباز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹرپر وزیرآباد آئے اور نجی سی این جی پر بنے ہیلی پیڈ پر اترے جہاں ایم پی اے شوکت منظور چیمہ اور مقامی و ضلعی افسران نے ان کا استقبال کیا۔

بعدازاں گورنمنٹ کالج برائے خواتین کی فلائنگ کوچ نمبر ایف ڈی ایچ 9755 میں سوار ہو کر وزیرآباد کے خریداری مرکز پر پہنچے جہاں درجن کے قریب زمیندار موجود تھے۔ شہباز شریف نے زمینداروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے خریداری مرکز پر انتظامات کا جائزہ لیا اور ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔ مرکز پر پینے کے پانی کا بندوبست نہیں تھا۔

وزیر اعلیٰ نے انتظامی امور بہتر نہ ہونے ،ڈیٹا سسٹم کی خرابی اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی پر مرکز کے انچارج اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولز راناجمشید احمد کو معطل کردیااور ڈی ایف سی گوجرانوالہ کو حکم دیا کہ مرکز پر انتظامی امور کو بہتر بنایا جائے اور زمینداروں کو درپیش مسائل ختم کئے جائیں ۔ مقامی ضلعی انتظامیہ میں ڈی سی او گوجرانوالہ محمد عامر جان ، ایس ایس پی آپریشن ، محمد ندیم کھوکھر، ایس پی صدر کامران ممتاز، اسسٹنٹ کمشنروزیرآباد نورالعین اور تحصیلدار غلام مصطفی انصاری شامل تھے۔ وزیراعلیٰ 20منٹ تک خریداری مرکز پر رہے اور انتظامیہ کو خصوصی ہدایات دینے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ۔ ہیلی پیڈ پر ایم پی اے شوکت منظور چیمہ نے ان کو الوداع کیا۔

متعلقہ عنوان :