امریکی محکمہ انصاف نے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی تحقیقات کے لیے ایف بی آئی کے سابق سربراہ رابرٹ مولر کو خصوصی پراسیکیوٹر مقررکر دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 مئی 2017 18:09

امریکی محکمہ انصاف نے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی تحقیقات کے ..
واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18مئی۔2017ء) امریکی محکمہ انصاف نے امریکا کے صدارتی انتخابات کے دوران روس کی مبینہ مداخلت کی تحقیقات کرانے کے لیے ایف بی آئی کے سابق سربراہ رابرٹ مولر کو خصوصی پراسیکیوٹر مقررکر دیا ہے۔ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی کو برطرف کیے جانے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا تھا جبکہ دونوں امریکی جماعتوں ری پبلکن اور ڈیموکریٹس کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ حالیہ صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت کی تحقیقات کرائی جائیں، جس کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی الیکشن میں کامیاب ہوئے جبکہ ہیلری کلنٹن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے کیے گئے اس اعلان کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس مسئلے کے جلد حل کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہی حقائق واضح کر سکتی ہے جبکہ ہم پہلے ہی سے جانتے ہیں کہ صدارتی مہم میں کسی بھی غیر ملکی ادارے کی ملی بھگت نہیں تھی۔

ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز نے رابرٹ مولر کی تقرری کا خیر مقدم کیا تاہم امریکی قانون دانوں اور سینیٹ میں ری پبلکن را ہنماوں کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کی اپنے طور پر الگ تحقیقات بھی کرائیں گے۔امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک لیڈر چک شومر نے کہا کہ اس صورتحال میں ایک مخصوص پراسیکیوٹر کی اشد ضرورت تھی اور ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بالکل درست فیصلہ کیا ہے۔

رابرٹ مولر نے اپنے ایک بیان میں کہا میں اس ذمہ داری کو قبول کرتا ہوں اور اپنی بہترین صلاحیتیں اس تحقیقات میں صرف کروں گا۔اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل روڈ روسینسٹائن کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص پراسیکیوٹر مقرر کرنے کے فیصلے کا مقصد جرم معلوم کرنا یا کسی پر مقدمہ چلانا نہیں اور نہ ہی میں نے کوئی ایسا عزم کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے یہ محسوس کیا کہ اس تحقیقات کے نتائج پر امریکی عوام کا اعتماد لانے کے لیے ایک مخصوص تحقیقاتی آفیسر کی ضرورت ہے۔

رابرٹ مولر 11 ستمبر 2001 میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے دہشت گرد حملے سے ایک ہفتے قبل ہی ایف بی آئی کے ڈائریکٹر منتخب ہوئے تھے۔بعد ازاں 2011 میں سابق امریکی صدر براک اوباما نے مولر سے مزید دو سال کے لیے اپنے عہدے پر برقرار رہنے کی درخواست کی جس کے بعد 2013 میں وہ اپنے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔اس سے قبل مولر ویتنام جنگ میں مرین کور کے آفیسر کے طور پر بھی اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔