پاک فوج کی طرف سے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی جی ایچ کیو طلبی

ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا گیا

بدھ 17 مئی 2017 21:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2017ء) پاک فوج نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو جی ایچ کیو بلا کر لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بدھ کے روز پاک فوج نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو جی ایچ کیو طلب کیا اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی سے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے فوجی مبصر کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے صرف مئی کے مہینے میں تین بار شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی فوج نے 10 ، 13 اور 16 مئی کو لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا ، بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے سبزکوٹ سیکٹر ، بروہ سیکٹر، ٹاندر اور کھوئی رٹہ سیکٹر اور کیرالہ سیکٹر پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو بتایا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری شہید اور خواتین اور بچوں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوئے ہیں بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کی سویلین آبادی کو نشانہ بنایا اور بھاری اسلحے کا استعمال کیا۔ (عابد شاہ)