پشاور:جنگوں سے صرف مسلمانوں کا نقصان ہو رہا ہے، صدر آصف علی زرداری

ہم نے بی بی کے وعدے کے مطابق سوات میں پاکستان کا جھنڈہ لہرایا تھا ناسمجھ لوگوں کی وجہ سے پاکستان پر جنگ تھوپی گئی،خیبر پختونخوا میں کہیں بھی نیا پاکستان نہیں دیکھا، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی پریس کانفرنس

بدھ 17 مئی 2017 22:41

پشاور:جنگوں سے صرف مسلمانوں کا نقصان ہو رہا ہے، صدر آصف علی زرداری
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جنگوں سے صرف مسلمانوں کا نقصان ہو رہا ہے، ناسمجھ لوگوں کی وجہ سے پاکستان پر جنگ تھوپی گئی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کہیں بھی نیا پاکستان نہیں دیکھا پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران میں نے کہا تھا کہ ہم دنیا میں جاری جنگیں ہار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بی بی کے وعدے کے مطابق سوات میں پاکستان جھنڈہ لہرایا تھاآصف زرداری نے کہا کہ پشاور کا دورہ سیاسی سرگرمیوں کا حصہ تھا، آتا رہوں گا،پارٹی کارکنوں کا پیار ملا، ان سے وعدہ کیاہے کہ دوبارہ آوں گااورملاقاتیں کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور میں سرکاری ملازمین سے ملاقاتیں ہوئیں، کسی نے نہیں کہا کہ وہ خوش ہیں۔سابق صدر نے مطالبہ کیا کہ سانحہ اے پی ایس کی تحقیقات منظر عام پر لائی جائیں۔

انہو ںنے کہا کہ خیبرپختونخوامیں کہیں بھی نیا پاکستان نہیں دیکھا،مجھے تو یہاں پرانا پاکستان بھی خراب ہوتا ہوااور اجڑا ہوا نظر آیا۔آصف زرداری کا کہنا ہے کہ گزشتہ انتخابات میں پیپلزپارٹی نے انتخابی مہم نہیں چلائی،وہ آر او انتخابات تھے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شیر اب شیر نہیں درندہ ہے،شیر ہر کمزور چیز کو کھاجاتا ہے، میاں صاحب بھی کہہ رہے ہیں کبوتر کو کھاوں گا۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ بلاول اور میں پنجاب اور بلوچستان میں، جبکہ آصفہ اور میری بہن سندھ میں انتخابی مہم چلائیں گی،اس دفعہ آراوانتخابات کوبرداشت نہیں کیا جائے گا، پولنگ اسٹیشن سے رزلٹ لے کر اٹھیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے تو نہیں لگتا کہ خیبرپختونخوامیں کوئی نئی جماعت آئے گی،سونامی سے تباہی ہوتی ہے، امید ہے خیبرپختونخوا میں اگلی دفعہ سونامی نہیں آئے گا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نیب ون سائیڈڈ اسٹوری ہے،حکومتی پارٹی میں وزراء ایک دوسرے کے ساتھ ملاقاتیں نہیں کرتے،چیف جسٹس نے کسی کو گاڈ فادر کہا ہے تو اب میں کیا کہوں انہوں نے یہ بھی کہا کہ پورے پاکستان میں جیت کر دکھاوں گا، میاں صاحب سے ملک نہیں سنبھالا جا رہا،میاں صاحب سے عالمی امور بھی نہیں چلائے جا رہے،پی ایس پی کو پارٹی نہیں مانتا۔