کوہالہ ہائیڈرل پراجیکٹ کے متاثرین نے کلکٹر حصول اراضی مظفر آ باد کا کوہالہ پراجیکٹ پر داخلہ بند کر دیا

کوہالہ پروجیکٹ میں سروے کرنے والے تمام محکموں کو سروے سے روک دیا گیا

بدھ 17 مئی 2017 17:07

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 مئی2017ء)کوہالہ ہائیڈرل پراجیکٹ کے متاثرین نے کلکٹر حصول اراضی مظفر آ باد کا کوہالہ پراجیکٹ پر داخلہ بند کر دیا۔کوہالہ پروجیکٹ میں سروے کرنے والے تمام محکموں کو سروے سے روک دیا گیا۔متاثرین کوہالہ پروجیکٹ نے کلکٹر حصول اراضی مظفر آباد کے متاثرین دشمن روئیے کے باعث محکموں کو سروے سے روکتے ہوئے پروجیکٹ پرکلکٹر کا داخلہ بند کر دیا ہے۔

کوہالہ ایکشن کمیٹی کے چئیر مین سردار تسلیم عباسی نے پروجیکٹ سے متاثر ہونے والی زمینوں کے ریٹ مارکیٹ ریٹ سے بھی کم لگانے پر ایکشن لیتے ہوئے کل متاثرین کا اجلاس طلب کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق آج کلکٹر حصول اراضی مظفر آباد بر سالہ میں زمین کے ریٹ کے تعین کیلئے آئے تو انہوں نے مارکیٹ ریٹ سے کم معاوضہ دینے کی بات کی تو متاثرین نے کلکٹر حصول اراضی کو پروجیکٹ سے متاثرہ علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا۔

(جاری ہے)

متاثرین کا مطالبہ ہے کہ کوہالہ پروجیکٹ کے متاثرین کو طے شدہ ریٹ کے مطابق معاوضہ دیا جائے ،اس جگہ پر کوئی سکول یا کالج نہیں بلکہ کمرشل بنیادوں پر بجلی گھر بنایا جا رہا ہے جس سے کمپنی اور حکومت ریونیو اکھٹا کرے گی جبکہ متاثرین اپنے آباؤ اجداد کی زمینیں ،قبرستان دے رہے ہیں تو ان کو ان کا مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ لینے کا پورا حق حاصل ہے۔حکومت کا کام عوام کو وسائل کی فراہمی ہے نہ کہ عوام سے ان کا حق چھین کر مسائل میں دھکیل دینا۔جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے اور پورا معاوضہ نہیں دیا جا تا اس وقت تک پروجیکت سے متعلقہ کسی بھی محکمے کو ہماری زمینوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔