حب ٹرانس میشن لائن ٹرپ، کراچی کی عوام پھر بجلی سے محروم

شہریوں نے رات کانٹوں پر گزاری، گلشن اقبال، لیاقت آباد، ملیر ہالٹ، ماڈل کالونی، رفاع عام، شاہ فیصل اور الفلاح سوسائٹی میں 6گھنٹے سے بجلی غائب

بدھ 17 مئی 2017 16:46

حب ٹرانس میشن لائن ٹرپ، کراچی کی عوام پھر بجلی سے محروم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2017ء) کراچی کا 30فیصد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا، شہریوں نے رات کانٹوں پر گزاری، گلشن اقبال، لیاقت آباد، ملیر ہالٹ، ماڈل کالونی، رفاع عام، شاہ فیصل اور الفلاح سوسائٹی میں 6گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔بعض علاقوں میں بلبوں اور پنکھوں کو 24گھنٹے سے سکتہ اور کے الیکٹرک کے دو تین گھنٹے میں بجلی بحال ہو جائے گی کے دلاسے جاری ہیں۔

حب میں کے الیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے کراچی میں ایک بار پھر بجلی کا بریک ڈائون پیدا ہوگیا ہے۔ اس سے شہر کے 30 فیصد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ملیرہالٹ کے مختلف علاقوں میں 15 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے اور ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا کہ بحالی میں مزید 4سے 5گھنٹے لگیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے الیکٹرک کے مطابق حب میں واقع این ٹی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن کی ٹرپنگ کے باعث گیارہ گرڈ اسٹیشن بند ہوچکے ہیں، جس سے کراچی کا25 سے 30 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ گرڈ اسٹیشنز میں کراچی کے 9، جبکہ حب، وندر اور بیلہ کے گرڈ اسٹیشن بھی شامل ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں اس وقت بھی کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ملیر ہالٹ، ملیر سٹی رفاہ عام سوسائٹی، اور الفلاح سوسائٹی، جعفر طیارہ میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے ۔مکینوں کو بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پانی کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے شاہ فیصل گرڈ پر بحالی کا کام جاری ہے گرڈ سے منسلک 13 فیڈر پر فراہمی متاثر ہے، جبکہ 7فیڈر بحال کردیئے گئے ہیں۔