روزانہ 30 سگریٹ پینے والوں میں پھیپھڑوں کے سرطان کا خطرہ 30 گنا بڑھ جاتا ہے، ماہرین طب

بدھ 17 مئی 2017 14:29

روزانہ 30 سگریٹ پینے والوں میں پھیپھڑوں کے سرطان کا خطرہ 30 گنا بڑھ جاتا ..
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2017ء) الائیڈ ہسپتال فیصل ۱ٓباد اورپنجاب میڈیکل کالج یونیورسٹی کے ماہرین طب نے بتایا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سالانہ 40 کھرب سگریٹ پیئے جاتے ہیں جبکہ سگار ، حقہ ، پائپ کا استعمال اس کے علاوہ ہے نیز تمباکو کا دھواں جو 300 مرکبات کا آمیزہ ہے چھوٹے قطرات و زرات کی صورت میں سانس کی نالیوں میں داخل ہو کر انسانی جسم کانظام رفتہ رفتہ تباہ کر دیتا ہے نیز ایک سگریٹ میں 3 سے 6 ملی گرام تک نکوٹین پائی جاتی ہے جس کا 10 سے 90 فیصد حصہ پھیپھڑوں میں جذب ہو جاتا ہے جس کے 16 انتہائی خطرناک اجزاء پھیپھڑوں کے سرطان کا موجب بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سگریٹ کے دھوئیں سے پیدا ہونے والی کاربن مونو آکسائیڈ خون کے سرخ خلیات میں نفوذ کر کے 5 سے 10 فیصد خون کو عملی تنفس کیلئے بے کار کر دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ روزانہ 10 سگریٹ پینے والوں میں پھیپھڑوں کے سرطان کا خطرہ 7 گنا، روزانہ 20 سگریٹ پینے والوں میں 13گنا اور 30 سگریٹ پینے والوں میں 30 گنا بڑھ جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیا ہو ا ہر ایک سگریٹ متعلقہ انسان کی عمر 12منٹ کم کر رہا ہے ۔انہوںنے بتا یا کہ سگریٹ کا دھواں پاس بیٹھنے والوں کو بھی متاثر کرتا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ سگریٹ پھیپھڑوں کے سرطان کے علاوہ دل کی بیماریوں کا بھی موجب بن سکتا ہے۔