بھارت ‘ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کیلئے قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنا چاہتا ہے، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی

بلوچستان، سندھ و دیگر علاقوں میں تخریب کاری و دہشت گردی کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ کیا جارہا ہے،مسلمان ملکوں میں دھماکے اور تکفیری گروہوں کو پروان چڑھانا بیرونی قوتوں کی خوفناک سازش ہے، مرکزی رہنما دفاع پاکستان کونسل کلبھوشن کے مسئلہ پر کوئی بیرونی دبائو قبول نہ کیا جائے۔ بھارت کشمیر میں بری طرح ناکام ہو چکا۔ آج کشمیر کے ہر شہر میں پاکستانی پرچم لہرائے جارہے ہیں۔بھارتی فوجی ماہرین اور ایجنسیاں کشمیرمیں اپنی شکست کا اعتراف کر رہی ہیں، گفتگو

منگل 16 مئی 2017 22:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2017ء) دفاع پاکستان کونسل و جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا ہے کہ بھارت ‘ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے کیلئے قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنا چاہتا ہے۔بلوچستان، سندھ و دیگر علاقوں میں تخریب کاری و دہشت گردی کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ کیا جارہا ہے۔

مسلمان ملکوں میں دھماکے اور تکفیری گروہوں کو پروان چڑھانا بیرونی قوتوں کی خوفناک سازش ہے۔ کلبھوشن کے مسئلہ پر کوئی بیرونی دبائو قبول نہ کیا جائے۔ بھارت کشمیر میں بری طرح ناکام ہو چکا۔ آج کشمیر کے ہر شہر میں پاکستانی پرچم لہرائے جارہے ہیں۔بھارتی فوجی ماہرین اور ایجنسیاں کشمیرمیں اپنی شکست کا اعتراف کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

قربانیوں و شہادتوں کے نتیجہ میں جلد ان شاء اللہ مظلوم کشمیریوں کو آزادی ملے گی۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں۔ مسلمانوں کیخلاف میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا کو جنگی ہتھیار کے طو رپر استعمال کیا جارہا ہے۔ مسلمانوں کو جانی و مالی نقصانات سے دوچار کیا جارہا ہے۔ جب سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ طے پایا انہیں برداشت نہیں ہوا۔ کل بھوشن کو ٹارگٹ یہ دیا گیاتھا کہ یہ منصوبہ کامیاب نہ ہواور اس سلسلہ میں یہاں قتل و غارت گری کا ماحول پیدا کیا جائے۔

لیکن اس کی گرفتاری سے انڈیا کا یہ سارا منصوبہ ناکام ہو گیا۔انہوںنے کہاکہ برہان وانی کی شہادت کے بعدمقبوضہ کشمیر میں مظالم بہت بڑھ چکے ہیں۔نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے لیکن نام نہاد امن کے ٹھیکیدار ملک اور بین الاقوامی حقوق انسانی کے اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ نریندر مودی جس نے پاکستان توڑنے کا اعتراف جرم کیا اس کے دبائو پر محب وطن لیڈروں کی گرفتاری انتہائی شرم کا باعث ہے۔

بھارتی خوشنودی کیلئے حافظ سعید و دیگر رہنمائوں کو نظر بند کر کے تحریک آزادی کشمیر کے قلب میں خنجر گھونپا گیا۔ہمیں تحریک آزادی کشمیر کو مکمل طور پر سپورٹ کرنا اور تحریک آزادی کا پشتیبان بننا چاہئے۔حافظ محمد سعید ودیگر رہنمائوںکی نظربندی فی الفور ختم کی جائے۔بیرونی دبائو پر فیصلے کرنے کی بجائے خودمختار اور آزادریاست کی حیثیت سے فیصلے کئے جائیں۔

انہوںنے کہاکہ حکومت قائد اعظم کی کشمیر پالیسی سے انحراف کر رہی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر سرنڈر کی پالیسی ترک کی جائے۔انڈیا سے آلو پیاز کی تجارت درست نہیں۔ بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوںنے کہاکہ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی سے کشمیریوں کو مضبوط پیغام نہیں دیا جا سکا۔ حکومت بتائے کہ اس کی کشمیرپالیسی کیا ہی بھارت سے یکطرفہ دوستی کیلئے مظلوم کشمیریوں کی قربانیوں کو پس پشت نہ ڈالا جائے۔ ہم کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ سمجھتے ہیں ‘ہماری پالیسی وہی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی ہے۔ آزادی کشمیر کیلئے کشمیری وپاکستانی قوم ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔