حسن ابدال,صحافت عظیم شعبہ ہے جس سے معاشرے میں بہتری لائی جا سکتی ہی,محمد افضل بٹ

صحافیوں کا استحصال کسی صورت قبول نہیں کیا جا ئے گا۔ حکومت اور میڈیا کے ادارے قلم کے مزدور کو اس کے حقوق فراہم کریں, صدر فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کاتقریب حلف برداری سے خطاب

منگل 16 مئی 2017 22:03

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2017ء)صحافت عظیم شعبہ ہے جس سے معاشرے میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔قلم کے مزدور کا استحصال کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ پریس کلب تحصیل حسن ابدال نے علاقائی صحافت کا ایک نیا رنگ متعارف کروایا ہے جو دیگر صحافیوں کے لیے قابل تقلید ہے۔علاقائی مسائل کو اجاگر کرنا اور مظلوم کی آواز بننا ہی ایک صحافی کا فرض بنتا ہے جس میں اسے کوئی کوتاہی نہیں کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار پریس کلب تحصیل حسن ابدال کی پر وقار تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ محمد افضل بٹ۔قائم مقام صدر آر آئی یو جے ناصر ہاشمی۔جنرل سیکرٹری آر آئی یو جے علی رضا علوی۔مرکزی صدر او پی جے ایف محترمہ فرح ناز۔

(جاری ہے)

ممبر ایف ایس سی (پی ایف یو جی) عامر سجاد سید ۔جنرل سیکرٹری او پی جے ایف اظہار خان نیازی اور دیگر مقررین نے کیا۔

تقریب میں ٹیکسلا۔ترنول۔کامرہ۔ایبٹ آباد اور گردونواح کی صحافتی تنظیموں سمیت علاقے کی تمام سیاسی و سماجی تنظیمات کی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ صحافی اس معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں جو عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا استحصال کسی صورت قبول نہیں کیا جا ئے گا۔

حکومت اور میڈیا کے ادارے قلم کے مزدور کو اس کے حقوق فراہم کریں۔مہمان خصوصی افضل بٹ نے کہا کہ حسن ابدال انٹرنیشنل شہر ہے اور یہاں پر مضبوط پریس کلب کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ہماری اولین کوشش ہے کہ صحافیوں کو ان کے جائز حقوق دلوائے جا سکیں اور اس کے لیے ہم ہر میدان لڑنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مثبت صحافت کے ذریعے معاشرے میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

علی رضاء علوی نے خطاب میں کہا کہ صحافی اپنے قلم کے ذریعے عوام کے مسائل میں کمی لانے میں کوشاں ہے۔وقت کی ضرورت ہے کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی جائے۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کی خوش قسمتی ہے کہ آج افضل بٹ کی صورت میں ان کو ایک نڈر اور بے باک لیڈر شپ میسر آئی ہے جو نہ صرف صحافیوں کے مسائل سے آگاہ ہیں بلکہ ان میں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ بھی موجود ہے۔

محترمہ فرح ناز نے اپنے خطاب میں پریس کلب حسن ابدال کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیگر شعبہ زندگی کی طرح صحافت میں بھی خواتین اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں۔تمام پریس کلبوں کو چاہیے کہ و ہ خواتین کی اس شعبے میں حوصلہ آفزائی کریں اور انہیں سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ناصر ہاشمی نے کہا کہ مالکان میڈیا صحافیوں کے استحصال کر رہے ہیں مگر افضل بٹ جیسے لیڈر کی موجودگی میں ان کے لیے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔

چیئرمین پریس کلب حسن ابدال حاجی رفیق قادری اور سرپرست اعلیٰ پریس کلب حسن ابدال چوہدری جمشید اختر نے اپنے خطاب میں تقریب میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پریس کلب حسن ابدال کے کردار پر روشنی ڈالی۔صدر پریس کلب چوہدری وقار علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علاقائی صحافی کو درپیش مسائل بڑے شہروں سے مختلف ہیں۔حکومت کی نا اہلی کے باعث پورے ضلع اٹک کے کسی شہر میں کوئی پریس کلب کی بلڈنگ تک موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا اتحاد ہی ان کے مسائل کا واحد حل ہے اور جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ صحافیوں کو اپنے اختیارات اور طاقت کے بل بوتے پر دبا لیں گے یہ ان کی بھول ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لیڈر قلم کی حرمت پر قربان ہونے والے اور آزادی صحافت کے لیے کوڑے کھانے والے ہیں اور ہم ان کے بتلائے ہوئے اصولوں پر چل کر آزادی صحافت کی اس جنگ کو جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ افضل بٹ جیسے لیڈر کی موجودگی میں صحافیوں کے مسائل حل کرائے جا سکتے ہیں ۔انہوں نے تقریب میں شرکت پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ دیگر مقررین میں عامر سجاد سید۔چیئرمین ظہیر احمد بھٹیانوالہ۔ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی اشعر حیات خان ۔ضلعی ایکٹنگ امیر اقبال خان۔ضلعی سیکرٹری نشرو اشاعت پاکستان مسلم لیگ(ن) خالد محمود اعوان۔

سابق تحصیل نائب ناظم سید صدا حسین شاہ۔سٹی صدر تحریک انصاف شومی خان ۔صدر بار ایسو سی ایشن حامد خان ایڈووکیٹ۔جنرل سیکرٹری بار ایسو سی ایشن آصف خان۔سابق سٹی ناظم کفائت علی اعوان ۔مشتاق نقوی ۔مزدور رہنماء منیر حسین بٹ سمیت دیگر نے اپنے خطاب میں پریس کلب حسن ابدال کے حلف اٹھانے والے عہدیداران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی صحافتی خدمات کو سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی علاقے کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ظلم کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب میں صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جر نلسٹ محمد افضل بٹ نے پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا ۔